ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل:اپیل پر بابری مسجد کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اور مقبوضہ وادی کے لاک ڈاؤن کے خلاف’’ یوم احتجاج‘‘ منایا گیا

جمعہ 22 نومبر 2019 21:01

ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل:اپیل پر بابری مسجد کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اور مقبوضہ وادی کے لاک ڈاؤن کے خلاف’’ یوم احتجاج‘‘ منایا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر بابری مسجد کے بارے میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اور مقبوضہ وادی کے لاک ڈاؤن کے خلاف’’ یوم احتجاج‘‘ منایا گیا ۔خطباء نے جمعة المبارک کے موقع پر بھارتی سپریم کورٹ کے بابری مسجد کے خلاف کیے گئے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور مذمتی قرار دادیں منظور کروائیں اس موقع پر جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر اور مقبوضہ کشمیر، تمام امت مسلمہ کیلئے ایک چیلنج ہے۔

اگر اس بھارتی فیصلے کوپرزور طریقے سے مسترد نہ کیا گیا توآرایس ایس مزید چالیس مساجد پر حملہ آور ہوگی۔

(جاری ہے)

پانچ صدیوں سے بنی ہوئی مسجد کی جگہ رام مندرکی بات محض ایک مفروضہ ہے ۔بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے سامنے سرِ تسلیمِ خم کرنے والے علماء کو اپنی عاقبت کی فکر کرنی چاہیے۔بھارتی حکومت کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ بہت زیادہ نقصان دہ ہے ۔

بھارتی مسلمانوں کو بابری مسجد کے تحفظ کی تحریک آہنی اعصاب سے چلانی چاہیے۔بھارت میں مسلمانوں پر کیے جانے والے مظالم کو روکنے کیلئے بھارتی مسلمانوں کو ایک نئے پاکستان کیلئے منظم ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کشمیر کے بارے میں چھائی خاموشی بہت زیادہ خطرناک ہے۔کشمیر کو شاہ رگ قرار دینے والوں کی رگیں اب کیوں خشک ہو گئی ہیں ۔ مودی کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا لینے پر پاکستان کے رد عمل اور بے بسی کا آئے روز مذاق اُڑا رہا ہے ۔حکومت کی کشمیر پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں