سات کروڑ روپے کی لاگت سے بھیکے وال پنڈعلامہ اقبال ٹاؤن واٹر سپلائی ،سیوریج منصوبے کا افتتاح

تحریک انصاف ووٹرز سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی‘ وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کا افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 8 دسمبر 2019 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاںمحمودالرشید نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ووٹرز سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی -عوام کی فلاح وبہبود پی ٹی آئی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے - بھیکے وال پنڈ علامہ اقبال ٹاؤن میں واٹر سپلائی اور سیوریج منصوبے کے کام کے افتتاح کے موقع پر انہو ںنے کہاکہ سات کروڑ روپے لاگت کے اس منصوبے کو ایک ماہ میں مکمل کردیاجائے گا جس کے بعد گلیوں کی تعمیر کا کام شروع کیاجائے گا - میاں محمو دالرشید نے کہاکہ تحریک انصاف کبھی ووٹرز کو مایوس نہیں کرے گی -عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور سیوریج اور واٹر سپلائی کے کامو ںکی تکمیل سے حلقہ کے عوام سے کیاگیا ایک اور وعدہ پورا کردیاجائے گا - میاں محمود الرشید نے کہاکہ اب عوام خدمت کی سیاست کرنے والوں پر ہی اعتماد کریں گے - وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک معاشی طور پر مستحکم ہورہاہے اور ہر آنے والے دن میں مزید استحکام آئے گا - وزیر ہاؤسنگ نے کہاکہ چوروں کی سیاست اب دم توڑ چکی ہے - یہ بات سب کو معلوم ہوچکی ہے کہ گذشتہ دور حکومت میں وزیراعلی ہاؤس کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیاجاتا رہا- اب اس حوالے سے گواہ بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں