گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور سے صوبائی وزراء، پارٹی عہدیداران اور وکلاء وفد کی ملاقات، سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز بارے بات چیت

حکومت نہیں اپوزیشن اپنی کر پشن کی وجہ سے خطرہ میں ہے، ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکانیوالی اپوزیشن ملک وقوم کی خیر خواہ نہیں ہوسکتی ، انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار اہم ہے،چوہدری محمدسرور

منگل 18 فروری 2020 20:48

گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور سے صوبائی وزراء، پارٹی عہدیداران اور وکلاء وفد کی ملاقات، سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز بارے بات چیت
لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال، رائے تیمور خان بھٹی، سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری، سیکرٹر ی اطلاعات پنجاب عثمان بسراء ،وزیر اعلی شکایت سیل کے چیئر مین زبیر خان نیازی،بر طانوی پار لیمنٹ کے رکن افضل خان سمیت پارٹی عہدیداروں اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل مہر فیاض احمد کی قیادت میں وکلاء وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومت نہیں اپوزیشن اپنی کر پشن کی وجہ سے خطرہ میں ہے ،ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکانیوالی اپوزیشن ملک وقوم کی خیر خواہ نہیں ہوسکتی ،اپوزیشن کے خلاف ایک بھی کیس ہماری حکومت نے نہیں بنایا بلکہ تمام کیسز (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی والوں نے خود ایک دوسرے کیخلاف بنائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سی22کروڑ پاکستانی مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی اپنے دور حکومت میں جمہوریت کے نام پر خزانہ خالی کرتیں رہی ہیں، آج جب ان کے احتساب کی بات کی جائے تویہ کر پشن کا حساب دینے کی بجائے حکومت پر بلاجواز تنقید شروع کردیتے ہیں مگر وہ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

اٴْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دوٹوک فیصلہ کر چکے ہیں کہ احتساب کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ،ہم ملک وقوم کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ،ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ دریں اثناء وکلاء سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کیساتھ ساتھ وکلاء کا بھی انتہائی اہم کردار ہے۔ اٴْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت سستے اور فوری انصاف کیلئے عدلیہ کیساتھ ہے اور انصاف کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات کویقینی بنایا جارہا ہے۔ اٴْنہوں نے کہا کہ وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کر یں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں