حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، مریم نواز

حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نااہلی، نالائقی اور بےحسی کی آگ ہے، سینکڑوں کاروباری افراد اور تاجروں کے مالی نقصان اور مجرمانہ حکومتی غفلت پر بہت دکھ ہے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 20 اکتوبر 2020 17:27

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نے پورے ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نااہلی، نالائقی اور بےحسی کی آگ ہے، سینکڑوں کاروباری افراد اور تاجروں کے مالی نقصان اور مجرمانہ حکومتی غفلت پر بہت دکھ ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نااہلی، نالائقی اور بےحسی کی وہ آگ ہے جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

سینکڑوں کاروباری افراد اور تاجروں کے ہونے والے مالی نقصان اورمجرمانہ حکومتی غفلت پر بہت دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے محمد نواز شریف کا بیانیہ ہر گھر میں پہنچ رہا ہے اور عوام کا حکومت اور ایک پیج کے خلاف ردِعمل سامنے آ رہا ہے، عنقریب ان کو 2200 افراد پر نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام  پر مقدمے درج کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

حکومت کے خلاف ریفرینس عوامی عدالت میں دائر ہو چکا اور وہ نیب کی طرح جعلی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ووٹ کو عزت دو کے نعروں پر پرچے درج کروا رہے تو آپ کی جیلیں کم پڑ جائیں گی، کیونکہ آج پاکستان کے ہر بچے، بزرگ، اور جوان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے ووٹ کو عزت دی جائے۔ اس نعرے سے تکلیف صرف انھی کو ہے جو عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ایک ماہ میں دوسری بار ادویات کی قیمتوں میں 22 سے 35 فیصد اضافہ کر دیا۔

دو سال میں بیرونی قرضے 17ارب ڈالر بڑھ گئے۔ نیازی صاحب اگر اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دی ہوتی تو آج قوم آپ کو جھولیاں اٹھا کر بددعائیں نہ دے رہی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سبزی ، دال، گوشت ، گھی ، آٹا غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکا۔ وہ وقت آ گیا ہے جب تمہیں عوامی قہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔  یاسمین راشد صاحبہ لاہور کی سڑکوں پر جس نفرت کا نشانہ بنیں وہ ان کے نہیں۔ تمہارے خلاف تھی۔ کیونکہ تم نے عوام کی زندگی جہنم بنا کہ رکھ دی۔ آپ کی دوائی، آپ کی روٹی، آپ کی بجلی مہنگی ہونے سے صرف اس حکومت کو فرق پڑے گا جو آپ کے ووٹ سے اقتدار میں آئے گی۔ آپ کی مرضی کیخلاف آئی حکومت کبھی آپ کی خیرخواہ نہیں ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں