خاندانی دشمنی کا شاخسانہ، لاہور میں لڑکی نے 45 سالہ شخص کو قتل کر دیا

خاندانی دشمنی کے چلتے مخالفین نے لڑکی کے ہاتھوں عاطف کو قتل کروایا، مقتول عاطف فیصل آباد کا رہائشی تھا، پولیس لڑکی کی گرفتاری کے لیے سرگرم

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 20:41

خاندانی دشمنی کا شاخسانہ، لاہور میں لڑکی نے 45 سالہ شخص کو قتل کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) لاہور میں خاندانی دشمنی کے نتیجے میں 45 سالہ شہری کو قتل کر کے لڑکی فرار، لڑکی کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت میں لڑکی نے 45 سالہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے شفیق آباد میں ایک روز قبل فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 45 سالہ عاطف نامی شہری قتل ہوا ۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد تھانہ شفیق آباد کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور انہوں نے مقتول کی لاش کو قبضے میں لے لیا ۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا ۔ تھانہ شفیق آباد کے تفتیشی افسر کے مطابق قتل ہونے والے شخص کی شناخت عاطف کے نام سے ہوئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق عاطف فیصل آباد کے علاقے گلستان کالونی کا رہائشی تھا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ قتل کا واقع دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے ۔ شفیق آباد تھانے میں نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ قبل ازیں پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کیے جن کی روشنی میں تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس اپنی تحقیقات کے دوران اس نتیجے پر پہنچی کہ مقتول عاطف کو مخالفین نے لڑکی کے ہاتھوں قتل کروایا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاندانی دشمنی کے چلتے مخالفین نے لڑکی کے ہاتھوں عاطف کو قتل کروایا ۔ تھانہ شفیق آباد کے تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور جلد ہی عاطف کو قتل کرنے والی خاتون کو تلاش کر لے گی ۔                                                 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں