لاہور میں کارکنوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کے خلاف بینر لگا دیے

وزیراعظم کی لاہور آمد پر گورنر ہاؤس، مال روڈ پر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری کے خلاف بینرز آویزاں کردئیے گئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 15 جنوری 2021 22:26

لاہور میں کارکنوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کے خلاف بینر لگا دیے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پنجاب کی مرکزی قیادت کیخلاف بینرز لگا دیے گئے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے کارکنوں کی جانب سے اعجاز چودھری اور غلام محی الدین دیوان کے خلاف بینر لگائے گئے ۔ کارکنوں نے وزیراعظم کی لاہور آمد پر گورنر ہاؤس،مال روڈ پر اعجاز چودھری کے خلاف بینرز آویزاں کردئیے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کیخلاف بینر پارٹی میں اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہیں ۔ پارٹی کی صوبائی و مقامی قیادت کے مخالفوں نے کارکنوں کا سہارا لیتے ہوئےپی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری اور شمالی لاہور کے صدر غلام محی الدین دیوان کے خلاف مال روڈ پر بینرز آویزاں کروائے ۔

(جاری ہے)

رہنماؤں کے خلاف بینرز پی ٹی آئی شمالی لاہور کے کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔

کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے بینرز پر اعجاز چودھری،غلام محی الدین دیوان نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاکر دیرینہ کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروانے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم سے اعجاز چودھری،غلام محی الدین دیوان کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کارکنان کی جانب سے دونوں رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات درج کروانے پر مدینہ کی ریاست کی طرح سزا دینے کامطالبہ درج ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کارکنوں کا سہارا لیکر پارٹی رہنما ایک دوسرے کیخلاف مہم چلاتے رہے ہیں ۔ لاہور میں اعجاز چودھری اور محی الدین دیوان کیخلاف بینرز کو بھی اندرونی سازش کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر فی الحال اعجاز چودھری اور غلام محی الدین دیوان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے آج وزیر اعظم عمران خان نے لاہور کا دورہ کیا جس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو تھانوں کے دورے کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ انصاف راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سز ادی جائے، بڑے جرائم پیشہ کو پکڑنے سے چھوٹے سبق سیکھیں گے،سیاسی بھرتیوں نے پولیس کو نقصان پہنچایا، پنجاب پولیس کا امیج بہتر بنانا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی۔ جس میں وزیراعظم کو پولیس اور انتظامی امور سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، لوگ تب مطمئن ہوں گے جب قانون کی حکمرانی ہوگی۔

عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے وسائل بروئے کار لائیں۔ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جس کا لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا، پولیس بلاامتیاز کاروائیاں کریں ، سیاسی اثرورسوخ کو بالکل خاطر میں نہ لائے۔پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اہم پوزیشنوں پر ایماندار افسر لگانے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں