دسمبر اور جنوری میں حکومت کا جنازہ تو نہیں نکلا البتہ پی ڈی ایم کے دعوؤں کا جنازہ ضرور نکل گیا

حکومت کو گھر بھیجنے کے دعوے کرنے والے اپوزیشن راہنما اب تاویلیں دیتے نظر آتے ہیں،کامران خان

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 21 جنوری 2021 06:17

دسمبر اور جنوری میں حکومت کا جنازہ تو نہیں نکلا البتہ پی ڈی ایم کے دعوؤں کا جنازہ ضرور نکل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2021ء) جب سے پی ٹی آئی کی حکومت برسراقتدار آئی ہے اسی دن سے اپوزیشن نے خوب شور اور ہنگامہ برپا کر رکھا ہے ا ور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے لگاتے اپوزیشن کی گیارہ سیاسی جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر حکومت کو گرانے کے لیے اکٹھی بھی ہو گئیں۔آپ یقین کریں کہ یہ سیاسی اتحاد اس قدر غیر فطری تھا کہ اس میں ماضی کی دو بڑی حریف پارٹیاں بھی ایک پیج پر آ گئیں۔

پی ڈی ایم کی قیادت نے ببانگ دہل یہ دعویٰ کیا تھا کہ دسمبر2020میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو جائے گی مگر اب جنوری2021شروع ہو چکا اور عمران خان کی حکومت ابھی بھی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہی ہے۔اپوزیشن کے انہی دعوؤں اور بڑھکوں کو یاد دلاتے ہوئے سینئر تجزیہ کار کامران خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ”خواب پھر خواب ہیں عوامی اجتماعات میں نہیں سنانے چاہیے مثلاً  2019 کے آخری مہینوں کی طرز پر 20 ستمبر  پی ڈی ایم تشکیل سے فضل الرحمن ان کے سیاسی بر خوردار بلاول وغیرہ قوم کو یقین دلا رہے تھے دسمبر جنوری تک حکومت کاخاتمہ ہوجائے گا افسوس خاتمہ ہوا حکومت کا نہیں PDM اعلانات کاعزائم کا“۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں اپوزیشن ارکان کے دعوے بھی سنائی دیتے ہیں کہ جس میں مولانا فضل الرحمان یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ دسمبر20میں عمران خان کی حکومت کا جنازہ نکل جائے گا۔جبکہ بلاول بھٹو نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ جنوری میں حکومت ختم ہو جائے گی بس ہمارے للکارنے کی دیر ہے اور اسی طرح مریم نواز نے بھی کئی بار دعویٰ کیا تھا کہ جنوری 2021میں عمران خان کی حکومت گر جائے گی ان کہنا تھاکہ جب ہم اسلام آباد کی طرف رخ کریں گے تو پی ٹی آئی حکومت خود بخود گر جائے گی مگر حقیقت یہ ہے کہ جب گزشتہ دنوں راولپنڈی میں پی ڈی ایم کی ریلی الیکشن کمیشن کے سامنے نکالی گئی تو وہاں شامل لوگوں کی تعداد دیکھ کر خاصی مایوسی ہوئی۔

دسمبر اور جنوری تو گزر گئے مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے جانے کی اب نئی کون سی تاریخ دیتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں