وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ کی مسائل کے حل کیلئے ہدایات ، آپ ہمارے لیڈر ہیں اور راولپنڈی کے لوگ پی ٹی آئی کیساتھ ہیں‘اراکین اسمبلی راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ آمد و رفت کے مسائل حل کریگا، جلد راولپنڈی کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 28 جنوری 2021 19:07

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے 90 شاہراہ قائداعظم پر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ اراکین اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے لیڈر ہیں اور راولپنڈی کے لوگ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔ اراکین اسمبلی نے مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے۔ منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے۔راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا جا رہا ہے۔راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ آمد و رفت کے مسائل حل کرے گا۔میں جلد راولپنڈی کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔

ہر حلقے میں یکساں ترقیاتی کام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ ترقی مخالفین کی ہر سازش پہلے بھی ناکام ہوئی اور آئندہ بھی ناکا م رہے گی۔ پراپیگنڈہ کرنے والوں کی منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیتے رہیں گے ۔ تنقیدبرائے تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں مشیر آصف محمود، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، راجہ صغیر احمد، جاوید کوثر، چوہدری ساجد محمود، واثق قیوم عباسی، ملک تیمور، امجد محمود چوہدری اور عمر تنویر شامل تھے۔ چیف وہیب پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں