بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہئے جس سے عام آدمی کو نچلی سطح پر فائدہ ہو: چودھری پرویزالٰہی

ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ کی پہلی ترجیح غریب آدمی کے مسائل حل کرنا ،معاشرے کی خوشحالی کا دارومدار عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر مبنی ہے

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا سے نائب صدر چودھری سرفراز گوندل کی قیادت میں سرگودھا کنٹونمنٹ سے آزاد حیثیت سے منتخب ہوے والے کونسلر چودھری توقیر اشرف گجر اور رائے عمر فاروق کھرل نے ساتھیوں سمیت یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وفد میں رائے شاہ نواز کھرل، حاجی زاہد اختر اور فیصل گھمن بھی شامل تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح عام آدمی کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے، بلدیاتی نظام ایسا ہونا چاہئے جس سے عام آدمی کو نچلی سطح پر فائدہ ہو جو بنیادی عوامی مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی خوشحالی کا دارومدار عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر منحصر ہے۔ اس موقع پر چودھری توقیر اشرف نے کہا کہ ہم چودھری شجاعت حسین کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں، پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، چودھری پرویزالٰہی کا بطور وزیراعلیٰ دور اس کی زندہ مثال ہے، عوام آج بھی اس دور کو یاد کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں