نبیؐ کی ناموس کیخلاف نامناسب حرکات کرنے والے سن لیں ہمیں اپنے نبی کے درِ پاک سے کوئی ہٹا نہیں سکتا‘ پیر نور الحق قادری

پوری کائنات میں ہمارے نبی ؐکے سوا کوئی اور رول ماڈل نہیں ہے، ہم اپنے نبی ؐکا نامِ نامی سدا بلند رکھیں گے ‘ وفاقی وزیر مذہبی امور

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:27

نبیؐ کی ناموس کیخلاف نامناسب حرکات کرنے والے سن لیں ہمیں اپنے نبی کے درِ پاک سے کوئی ہٹا نہیں سکتا‘ پیر نور الحق قادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ادارہ منہاج الحسین کے سربراہ مذہبی سکالر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر کی میزبانی میں ادارہ کے جعفری آڈیٹوریم میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت عشر رحمت العالمین ؐکی مناسبت سے رحمت العالمین ؐکانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمانان خصوصی اور مقررین میں قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری، ڈائریکٹر جنرل خان فرہنگ ایران جعفر رناس، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، جمعیت اہلحدیث حدیث کے مرکزی سربراہ ورکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر سید ضیا اللہ بخاری، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی ،مذہبی سکالر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی ، صوبائی سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید شامل تھے ،جبکہ مختلف مکاتب فکر کے علما اور طلبا کی کثیر تعداد آڈیٹوریم میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے اپنے خطاب میںکہا کہ حکومتِ پاکستان پہلی بار امتیازی طور پر میلاد النبی ؐاور عشر رحمت العالمین ؐمنا رہی ہے اور سارے ملک میں اس حوالے سے فکری و روحانی محافل و مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے ،وفاقی کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت بھی نہایت مربوط انداز میں ربیع الاول اور میلاد کے ایام مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے تاکہ سیرتِ طیبہ کی روشنی ہر طرف پھیل جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے نبی رحمت ؐسے وفا کی تجدید کے دن ہیں ،یہ دن مناتے ہوئے ہم دشمنوں کو بتاتے ہیں کہ کوئی ہمیں اپنے نبی ؐکے درِ پاک سے جدا نہیں کر سکتا ،ہمارے نبی ؐکی ناموس کے خلاف نامناسب حرکات کرنے والے سن لیں کہ ہمیں اپنے نبی ؐکے درِ پاک سے کوئی ہٹا نہیں سکتا ،پوری کائنات میں ہمارے نبی ؐکے سوا کوئی اور رول ماڈل نہیں ہے، چنانچہ ہم اپنے نبی ؐکا نامِ نامی سدا بلند رکھیں گے اور ان کا ذکرِ پاک ہمیشہ جاری و ساری رہے گا ،اسوہ رسول ؐکل کائنات کے لئے مشعلِ راہ ہے ،ہمارے نبی ؐکی شان ہے کہ بعثت اور اعلانِ نبوت ؐسے قبل بھی وہی صداقت اور امانت کی پہچان تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان بذاتِ خود اس دھن میں رہتے ہیں کہ ہر حال میں نوجوانوں میں خوفِ خدا اور اپنے نبی ؐکی شانِ عظیم کا احساس ہمہ وقت اجاگر رہے تاکہ قوم کے بچوں کی بہترین اصلاح اور فکری و روحانی تربیت ہو سکے ۔انہوں نے علامہ اقبال کے فارسی اشعار پڑھتے ہوئے کہا کہ دن منانا اور بات ہے جبکہ دن کو اپنانا بھی اہم ہے اور اخروی کامیابی کے لئے سیرتِ طیبہ کو اپنانا لازم ہے۔

اپنے خطاب میںڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ عشر رحمت العالمینؐ کانفرنس کا یہ انعقاد دراصل دشمنوں کو پیغام ہے کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں مگر اپنے نبی رحمت صلی اللہ و علیہ وسلم کی شان میں گستاخی ہمیں کسی صورت قبول نہیں، دشمن ہمارے نبی ؐکی ذاتِ بابرکات پر رکیک حملے کرتے ہیں مگر موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کا جذبہ لائقِ تحسین ہے کہ جو نہ صرف مدبرانہ جواب دیتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں اللہ کے رسول برحق کی شان بلند کرنے کی کوشش مسلسل کرتے ہیں ۔

قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری نے کلمے اور عشقِ رسول کو ایران و پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کی وجہ قرار دیتے ہوئے تمام مسلمانوں کو ماہ میلاد النبی ؐکی مبارک باد دی۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسولِ معظم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ مسلمان ایک ایسے جسد کی طرح ہیں کہ جس کے کسی حصے میں بھی تکلیف ہو درد سارا جسم محسوس کرتا ہے، ہم نے ریاست مدینہ کا قیام اپنے گھر سے کرنا ہے اور اس کے لئے سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونا پڑے گا، پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی ہے ہمیں باہمی اتحاد کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مذہبی ہم آہنگی کو ممکن بنائے رکھنا آسان ہو جائے ،عشر رحمت العالمین کا یہی پیغام ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں