وزیراعظم احساس مخصوص اشیائے ضروریہ اعانت پروگرام کیلئے الگ بجٹ کا اعلان کرینگے‘ ثانیہ نشتر

احسان پروگرام کی چیئر پرسن کاوالٹن میںاحساس سروے اندراج عمل کے جائزہ کیلئے احساس مرکز کادورہ

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 18:59

وزیراعظم احساس مخصوص اشیائے ضروریہ اعانت پروگرام کیلئے الگ بجٹ کا اعلان کرینگے‘ ثانیہ نشتر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) احساس پروگرام کی چیئرپرسن ووزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے لئے اب تک 260 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جن میں بہت جلد اضافہ کر دیا جائے گا،وزیراعظم آئندہ احساس مخصوص اشیائے ضروریہ اعانت پروگرام کیلئے الگ بجٹ کا اعلان کریں گے، احساس رجسٹریشن سروے کے ذریعے ملک گیر ڈیٹا بیس تکمیل کے مراحل تیزی سے طے کرتا ہوا اب لاہور پہنچ کر بہت جلد مکمل ہونے جا رہا ہے،گھر گھر سروے بھی ہوا ہے اور اب رجسٹریشن سنٹر بھی قائم کر دئیے گئے ہیں تاکہ مستحقین کے لئے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع ہوجائے،لاہور ریجن کے آٹھ اضلاع میں 44 جبکہ ملک بھر میں 400 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں احساس سروے اندراج عمل کے جائزہ کیلئے احساس رجسٹریشن سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ ڈی جی پنجاب بی آئی ایس پی ظفر جمال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق احساس پروگرام کے تحت کورونا کیوجہ سے بیروزگار ہو کر معاشی مشکلات کا شکار ہونے والوں کے علاوہ غریبوں بیوائوں اور یتیموں کی مناسب کفالت کرنے کے لئے جاری سروے کا جائزہ لیا اور یہ ملک گیر سروے نادرا کی معاونت سے کیا جارہا ہے اور ڈیٹا بیس تیار ہونے کے بعد امدادی پیکج کے ذریعے مستحق گھرانوں کی کفالت کی جائے گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نے تمام موجود سٹاف کو ہدایت کی کہ ڈیٹا بیس کو نہایت احتیاط اور ذمہ داری سے اکٹھا کیا جائے اور رجسٹریشن سنٹر میں اپنے کوائف کا اندراج کروانے کے لئے آنے والے مستحقین سے احترام اور ہمدردی سے پیش آیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ احساس رجسٹریشن سروے کے ذریعے ملک گیر ڈیٹا بیس تکمیل کے مراحل تیزی سے طے کرتا ہوا اب لاہور پہنچ کر بہت جلد مکمل ہونے جا رہا ہے، گھر گھر سروے بھی ہوا ہے اور اب رجسٹریشن سنٹر بھی قائم کر دئیے گئے ہیں تاکہ مستحقین کے لئے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع ہوجائے۔

لاہور ریجن کے آٹھ اضلاع میں 44 جبکہ ملک بھر میں 400 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ احساس پروگرام کا قومی معاشی اور سماجی سروے بہت اہم ہے احساس کفالت احساس نشوونما احساس آمدن اور بچوں کے تعلیمی وظائف وغیرہ جیسے پروگرام اسی سروے اور ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک ہیں ۔گھر گھر سروے کے بعد اب رجسٹریشن سنٹرز میں قائم کردہ ڈیسکس کے بارے میں آگہی بڑھ رہی ہے اور احساس پروگرام سے استفادہ کرنے والے مستحقین کو معلوم ہے کہ رجسٹریشن اور مکمل کوائف کے اندراج کے بعد ہی انھیں مختلف اقسام کے معاشی وظائف ملیں گے۔

پرانے رجسٹرڈ افراد کو وظائف مل رہے ہیں جبکہ نئے رجسٹر ہونے والوں کو آئندہ دو ہفتوں میں پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے ۔ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس پروگرام کے لئے اب تک 260 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جن میں بہت جلد اضافہ کر دیا جائے گا اور اسی لئے سروے کیا گیا اور ڈیٹا بیس تیار کیا گیا ہے علاوہ ازیں احساس کموڈیٹی ٹارگٹڈ سبسڈی کا پروگرام بھی ترتیب پا چکا ہے جس کے لئے وزیر اعظم اگلے ہفتے بجٹ مختص کریں گے ۔قبل ازیں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو رجسٹریشن سنٹر کی ڈیسک انچارج علیزہ حسنین کرمانی 'ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سید محمد عون علی اور ڈائریکٹر یاسر سعید نے سنٹر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں