پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی تجویز

پراسیکیوٹر پنجاب کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکو لکھے گئے خط میںکہنا تھا کہ پنجاب میں نافذ العمل قوانین پتنگ بازی کی روک تھام کےلئے ناکافی ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 28 مارچ 2024 14:07

پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی تجویز
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) پراسیکیوٹر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی تجویزدیدی،پنجاب میں نافذ العمل قوانین پتنگ بازی کی روک تھام کےلئے ناکافی ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ سزا کم ہونے سے پتنگ بازی کے واقعات بڑھ رہے ہیں لہٰذا پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈیننس کے تحت درج مقدمات میں دہشتگردی دفعات شامل کی جائیں۔

ایسا کرنے سے خطرناک جرم میں ملزمان کا ٹرائل جلد ہوگا اور معاشرے میں ایک ڈربیٹھے گا۔ پنجاب میں نافذ العمل موجودہ قوانین پتنگ بازی کی روک تھام کرنے میں سود مند ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ پنجاب کائٹ فلائنگ آرڈینس 2001کوپتنگ بازی سے انسانوں کوبچانے کیلئے نافذکیاگیا، آرڈیننس میں پتنگ بازی کی زیادہ سےزیادہ سزا 3 سال اور ایک لاکھ جرمانہ ہے اس لئے اس میں ترمیم کرکے دہشتگردی کی دفعات کو شامل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پنجاب میں پتنگ بازی پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور پتنگ بازی سے ہلاکتوں اور زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کچھ روز قبل فیصل آباد میں گلے پر ڈور پھرنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوا تھا جو اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا ۔ ڈجکوٹ روڈ پر موٹرسائیکل سوار آصف گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔فیصل آباد میں ہی گلے پر ڈور پھر نے سے موٹرسائیکل سوار ایک اور نوجوان زخمی ہواتھا اس کے علاوہ سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا تھااسی طرح سرگودھا اور پتوکی میں بھی کم سن بچے پتنگ بازی سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی پتنگ بازی میں دھاتی ڈور بنانے ، بیچنے اور خریدنے والوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا حکم دیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا ، جس میں آئی جی پنجاب نے بریفنگ دی تھی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پتنگ کے تار سے جاں بحق ہونے والے بچے کی ویڈیو دیکھ کر دل کانپ گیا، پتنگ بازی کے سدباب کیلئے قانون پر عمل درآمد کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں