این اے 120 ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ(ن) کی کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے

حافظ نعمان نے متبادل امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائے

جمعہ 11 اگست 2017 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) حلقہ این اے 120لاہور میں ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ(ن) کی رہنما کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے، جبکہ حافظ نعمان نے متبادل امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن، کک بیک کا کوئی چارج نہیں، عوام کی عدالت نے نواز شریف کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے،نواز شریف کل بھی صادق و امین تھے اورآج بھی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) کی رہنما کلثوز نواز کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے، کیپٹن (ر) صفدر اور آصف کرمانی نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ نعمان نے متبادل امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے نکلتے کوئی کال نہیں دی تھی، جی ٹی روڈ پر کارکنوں کا ایک بڑا قافلہ محمد نواز شریف کے ساتھ چل رہا ہے، عوام کی عدالت نے نواز شریف کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن، کک بیک، کا کوئی چارج نہیں ہے، نواز شریف کل بھی صادق اور امین تھے اور آج بھی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ کلثوم نواز نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی عوام جمہوریت کے راستے کی ہر رکاوٹ کو دور کردیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں