سی ٹی ڈی ملتان نے تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

بدھ 18 جولائی 2018 00:02

لاہور۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت ملتان بائی پاس کے قریب سے گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے نام عبدالسلام ، محمد لیاقت ، واجد اللہ اور محمد احمد ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے کی گئی ابتدائی تفتیش میںانکشاف ہوا کہ دہشتگردوں کا نشانہ ملتان کے اہم سیاسی رہنمائوں کے علاوہ 2018کے الیکشن میںتخریبی کاروائیاں کرنا بھی تھا ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5ہینڈ گرنیڈز اور دیگر اسلحہ کے ساتھ ساتھ حساس نقشے اورجہادی لٹریچر بھی بر آمد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مزید تفتیش میں ملزمان کی طرف سے بتائے گئے ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر بھی کاروائیاں کی جا رہی ہیں ۔

واقعے کا مقدمہ پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی ملتان میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران سی ٹی ڈی نے لاہور، راولپنڈی ، ساہیوال اور فیصل آبا دمیں دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردی کے چار بڑے منصوبوں کو ناکام بنایا ہے ۔ اس حوالے سے رواںماہ کے دوران 16تھریٹ الرٹس جاری ہوچکے ہیں ۔

مختلف تنظیموں کے سینکڑوں کارکن اور سہولت کار وںکی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری خصوصی ہدایات پر سی ٹی ڈی روزانہ کی بنیادپر خصوصی چھاپے مار رہی ہے تاکہ الیکشن کے دوران تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے امن و امان خراب کرنے کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جا سکے ۔ سی ٹی ڈی کامیابی سے تحریک طالبا ن پاکستان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے تخریب کاری کے متعدد منصوبوں کو ناکام بنا چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں