قومی انڈر19ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ ماڈل ٹاون اکیڈمی نے جیت لی

پیر 13 اگست 2018 00:40

لاہور۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) قومی انڈر19ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ ماڈل ٹاون اکیڈمی نے جیت لی، فائنل میں اسلام آباد ایسوسی ایشن کی ٹیم کو 4-3سے شکست کا سامنا کرناپڑا، سٹی سکول سپورٹس کمپلیکس گراو نڈ پر کھیلے جانے والے فائنل میچ میںماڈل ٹاون اکیڈمی کی طرف سے 3گول جویریہ نے کھیل کے 11ویں،22ویں اور 52ویں منٹ میں کئے،رامین نے 28ویں منٹ میں بال کو جال میں پھینکا،اسلام آباد کی طرف سے ویرا ایوب نے دوگول 24ویں اور 34ویں منٹ میں کئے،ایشال فیاض نے 61ویں منٹ میں ناکام ٹیم کا خسارہ کم کیا۔

میچ کی اختتام پر تقریب میں ٹائٹل کی فاتح ماڈل ٹاون اکیڈمی ٹیم کو ونر ٹرافی اور 3 لاکھ روپے انعام دیا گیا، دوسری پوزیشن پر آنے والی اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کی ٹیم کو رنرز اپ ٹرافی کیساتھ2لاکھ ملے، تیسری پوزیشن پر آنے والی پنجاب کی ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے دیئے گئے، سندھ کو فیئر پلے ٹرافی کیساتھ 40ہزار روپے انعام دیا گیا، ٹورنامنٹ کی بہترین پلیئر رامین(ماڈل ٹاون اکیڈمی) 40ہزار روپے کی حقدار بنیں، ٹاپ سکورر جویریہ(ماڈل ٹاون اکیڈمی) اور بہترین گول کیپر طوبیٰ ادریس(اسلام آباد)قرار پائیں، دونوں نے 30،30ہزار روپے وصول کئے۔

(جاری ہے)

فائنل میچ کے مہمان خصوصی آئی جی پولیس (ر) خالد لطیف تھے۔ اختتامی تقریب میں تقسیم انعامات کے لئے صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن ونائب صدر پی ایف ایف سردار نوید حیدر خان، وائس چیئرمین پی ایف ایف ریفریز کمیٹی چوہدری رشید، صدر پاکستان ریفریز ایسوسی ایشن میاں عبدالباری،ڈائریکٹر کمپیٹیشن پی ایف ایف سجاد محمود ، 15 صدر ڈی ایف اے اوکاڑہ چوہدری فقیر حسین، صدر ڈی ایف اے لاہور میاں رضوان،سیکریٹری ڈی ایف اے عرفان خان نیازی اور ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ اینڈمیڈیا شاہد نیاز کھوکھر بھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی آئی جی پولیس (ر)خالد لطیف نے خواتین کیلئے قومی سطح کے بہترین ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے پر پی ایف ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔سردار نوید حیدر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی پلیئرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں فٹنس اور مہارت بہتر بنانے کیلئے مزید محنت کی تلقین کی۔ ایونٹ کے حوالے سے اپنے پیغام میں صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویمن فٹ بال کے فروغ کیلئے ملکی سطح پر مقابلوں کا تسلسل کیساتھ انعقاد انتہائی ضروری ہے،ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور اس کو نکھارنے کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں،مقابلے کی فضا بڑھے گی تو آگے چل کر انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے مضبوط ٹیمیں تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں