آئندہ مرکزاوردوصوبوں میں تحریک انصاف کی متوقع حکومت کوملکی مفاد میں کام کرنا چاہئے‘میاں مقصود احمد

دھاندلی کے خلاف اسمبلیوں کے اندر، باہر بھرپور آوازاٹھائیں گے،ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرزکو مل کر کام کرنا ہوگا

جمعرات 16 اگست 2018 00:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملکی قسمت کا فیصلہ ووٹ کی طاقت سے ہونا چاہئے۔دھاندلی کے ذریعے حاصل کیا گیامینڈیٹ عوامی نہیں ہوتا۔ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ 1970سے لے کرآج تک کوئی بھی الیکشن صاف اور شفاف نہیں ہوسکا۔انتخابی تنائج پر تمام جماعتوں کو شدید قسم کے تحفظات پائے جاتے ہیں۔

ماضی میں الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کے نام پر ملک وقوم کامحض وقت ہی ضائع کیا گیا ہے۔حلقوں سے لے کر انتخابی نتائج تک تمام مراحل شکوک وشبہات سے بھرے پڑے ہیں۔دھاندلی کے خلاف اسمبلیوں کے اندر باہر بھرپور اندازمیں اٹھائیں گے۔اب تحریک انصاف کی مرکزاور دوصوبوں میں حکومت متوقع ہے،اسے اپوزیشن کوساتھ لے کر چلنا چاہئے اور قومی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کاظہار انہوں نے گزشتہ روزایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قوم نے ابھی71واں یوم آزادی منایا ہے مگر درحقیقت آج بھی بیرونی اسٹیبلشمنٹ کے غلام مختلف صورتوں میں ہم پر مسلط ہیں ان سے نجات حاصل کرنا ازحدضروری ہے۔ماضی میں عوام کی پرچی پر منتخب ہوکر ایوانوں میں آنے والوں کا ایجنڈا لوٹ مار کے سواکچھ نہیں رہا۔

وسائل سے مالا مال ملک حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت بہت پیچھے جاچکا ہے۔اگر ماضی کے برسراقتدارافراد نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا ہوتاتوآج صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے کہاکہ اقرباپروری،موروثیت اورغیرمحب وطن قیادت اصل مسائل کی جڑ ہے۔اگرہمیں محب وطن قیادت میسرآجاتی تو پاکستان ترقی یافی ممالک کی فہرست میں شامل ہوتا۔

المیہ یہ ہے کہ جو بھی برسراقتدار آیااس نے عوام کے جذبات کو مجروح کیا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی آئندہ بننے والی متوقع حکومت ملک میں اقتدار کی منتقلی اورجمہوریت کے پھلنے پھولنے کی علامت ہے۔ایم ایم اے اپوزیشن میں رہ کر عوام کے مسائل کو ہر سطح پر اٹھائے گی۔ملک میں اس وقت مسائل کے انبار لگے ہیں۔عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی سب کچھ دائو پر لگ چکا ہے۔ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں