بجلی قیمتوں میں اضافہ قابل قبول نہیں،حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے‘امیر العظیم

بیرونی امداد چھوڑ کر ہمیں اپنے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرناہوگا‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

بدھ 26 ستمبر 2018 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے۔نئی حکومت کے آتے ہی ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیاہے جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدگی کامظاہرہ کرے۔

جب تک عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آئے گی تب تک تبدیلی کانعرہ شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔غربت،بے روزگاری اور مہنگائی میں مسلسل اضافے سے عوام دن بدن مشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی نئی حکومت کو عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرناہوگا۔پہلے سے پسے ہوئے غریب عوام پر ٹیکسوں کامزید بوجھ نہیں لادنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرخیزملک ہے۔بیرونی امداد چھوڑ کر ہمیں اپنے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خودداری کاثبوت دینا ہوگا۔پاکستان کو مسائلستان بنانے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ قرضوں کے پہاڑملکی معیشت کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔صرف ایک ہفتے میں گردشی قرضی7ارب روپے تک بڑھنا تشویش ناک امر ہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے گردشی قرضے حکومت اپنے وسائل سے اداکرے۔لائن لائسزمیں کمی کی جائے۔بجلی قیمتوں میں اضافہ قابل قبول نہیں۔امیرالعظیم نے مزیدکہاکہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔عوام کو دووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔تحریک انصاف کی نئی حکومت سے عوام کو بہت سی توقعات ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ تحریک انصاف اپنے انتخابی منشور اور قوم سے کیے گئے وعدوں کے مطابق عوام کے معیار زندگی کوبہتربنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں