424 خواتین پولیس اہلکارپاس آئوٹ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریڈ کا معائنہ کیا

خواتین پولیس اہلکار اپنا فریضہ بخوبی سرانجام دیں گی، عوام میں پولیس کا تاثر درست کرنے کیلئے آپ کا کردار بنیادی ہے‘عثمان بزدار ایک ایسی پولیس جس کو دیکھ کر لوگ خوف محسوس نہ کریں،خواتین پولیس اہلکاروں کو مظلوم کو انصاف دینے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار 2 خواتین کو اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر مقرر کیا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں تقرسے خطاب

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) 424 خواتین پولیس اہلکاروں کی 10 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آئوٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ پولیس سمیت تمام سرکاری اداروں میں خواتین کے لئے ملازمت او رترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں خواتین پولیس اہلکاروں کی خاصی بڑی تعداد موجود ہے،ہم آئندہ بھی خواتین کو پولیس میں ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کریںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین باصلاحیت ہیں اور مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور آج پاس آئوٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ عوام کی جان و مال کے تحفظ کا فریضہ بخوبی سرانجام دیں گی کیونکہ عوام میں پولیس کا تاثر درست کرنے کے لئے آپ کا کردار بنیادی ہے، آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ آپ مظلوم کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

کسی مظلوم کی دادرسی سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں خواتین بطور ایس ایچ او اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار 2 خواتین کو اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر مقرر کیا اور ان خواتین افسروں نے ہر لحاظ سے انتخاب کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کے بارے میں عوام کے تاثرات بہت زیادہ مثبت نہیں،ہمیں پولیس کو بدلنا ہے،ہمیں پولیس میں بھی تبدیلی لانی ہے۔

مجھے یقین ہے کہ دیگر شعبوں کی طرح پولیس میں بھی تبدیلیاں ہوںگی۔ میں سمجھتاہوں کہ اس سمت میں بنیادی چیز رویوں کی تبدیلی ہے اگر پولیس کے رویوں کو تبدیل کرنے پر توجہ دی جائے تو دوستانہ تاثر پیدا ہوگا اور پنجاب پولیس کو عوام کا دوست بننا ہے۔ ایک ایسی پولیس جس کو دیکھ کر لوگ خوف محسوس نہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے پاس آئوٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں اور آج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔

میں لیڈیز ریکروٹ کورس میں شامل 424 خواتین کو کامیابی سے ٹریننگ مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے اس بات پر بے حد مسرت ہے کہ پولیس جیسے بظاہر مشکل سمجھے جانے والے محکمے میں بھی نہ صرف خواتین کی ملازمت کا رجحان موجود ہے بلکہ یہ رجحان دن بدن بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ طارق چوہان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پاس آئوٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں میں 316 کا تعلق پنجاب پولیس جبکہ 108 کا پنجاب ہائی وے پٹرولنگ سے ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں