آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کے سامنے کشکول پھیلا کر حکومت نے اپنا اعتماد کمزور کر لیاہے ‘لیاقت بلوچ

مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 21 اکتوبر 2018 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اہل قیادت ملک و ملت اور پارٹیوں کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کردیتی ہے ، کرپٹ ، نااہل اور اللہ اور رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کی باغی قیادت ریاست اور جمہوریت کو تباہ کردیتی ہے ، جماعت اسلامی کی ہر سطح کی قیادت کا انتخاب دستورِ جماعت کے مطابق بروقت ہوتاہے ۔

شب تربیت کے پروگرام میں’’ قیادت کا انتخاب ‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسلمانوں میں جو قیادت دین ، مذہب اور اخلاقیات چھوڑ دیتی ہے ، وہی کرپشن ، سنگدلی ، سفاکیت اور چنگیزیت مسلط کردیتی ہے ۔اسلامی ملک اور اسلامی جماعت میں قیادت و پارلیمنٹ مغربی نظام کی طرح آزاد نہیں ، قرآن و سنت کی پابند ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے ملک میں جمہوریت کے مطالبے کیے ہیں لیکن اپنی پارٹیوں میں جمہوریت نہیں آنے دی اسی وجہ سے سیاست و جمہوریت میں استحکام کی بجائے شدت ، ذاتی انتقام اور عدم برداشت ہے ۔

لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ عمران خان سرکار ابتدائی ایام میں ناکام ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری بڑھ رہی ہے ، روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے معاشی نظام تلپٹ ہوگیاہے ۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کے سامنے کشکول پھیلا کر حکومت نے اپنا اعتماد کمزور کر لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں