جے یو پی 15 نومبر کو لاہور میں تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی،شاہ محمد اویس نورانی

مطالبات پورے ہونے تک تحریک تحفظ ناموس رسالت جاری رہے گی حکومتی خاتون ممبر پارلیمنٹ کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں تشویشناک ہیں،حکومت اسرائیل کے حق میں عاصمہ حدید کی تقریر پر اپنی پوزیشن واضع کرے پی ٹی آئی حکومت میں یہودیوں اور قادیانیوں کی حامی لابی متحرک ہو چکی ہے، دینی قوتیں پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنانے کی ناپاک کوششوں کی مزاحمت کریں گی۔ 15 نومبر کے ملین مارچ میں سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،ترجمان ایم ایم اے

منگل 13 نومبر 2018 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ جے یو پی 15 نومبر کو لاہور میں ہونے والے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔ 15 نومبر کا ملین مارچ ناموس رسالت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

مطالبات پورے ہونے تک تحریک تحفظ ناموس رسالت جاری رہے گی۔ حکومتی خاتون ممبر پارلیمنٹ کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں تشویشناک ہیں۔ پی ٹی آئی کی ممبر پارلیمنٹ عاصمہ حدید نے قبلہ اوّل کو یہودیوں سے منسوب کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے ہیں۔ حکومت اسرائیل کے حق میں عاصمہ حدید کی تقریر پر اپنی پوزیشن واضع کرے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی حکومت میں یہودیوں اور قادیانیوں کی حامی لابی متحرک ہو چکی ہے۔ دینی قوتیں پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنانے کی ناپاک کوششوں کی مزاحمت کریں گی۔ 15 نومبر کے ملین مارچ میں سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں 15 نومبر کو مال روڈ پر ہونے والے ملین مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے مزید کہا کہ عید میلادالنبی کو جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ عید میلادالنبی کے ہر اجتماع میں آسیہ کیس کے فیصلے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ حکومت آسیہ مسیح کا نام ای سی ایل میں نہ ڈال کر شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے۔ وزیراعظم آسیہ مسیح کو بیرون ملک فرار کرانے کی اطلاعات کی وضاحت کریں۔

آسیہ کیس کی نظرثانی درخواست کی سماعت کے لئے لارجر بنچ قائم کیا جائے۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا شراب اور چرس کے جرائم میں نرمی برتنے کا مراسلہ قابل مذمت ہے۔ حکومت کے پہلے نوے دن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن اور ناکامیوں کی داستان ہے۔ قوم تین مہینوں میں ہی نئی حکومت سے بیزار ہو چکی ہے۔ پارلیمنٹ میں وزراء کی اشتعال انگیز تقریروں سے سیاسی انتشار پیدا ہو رہا ہے۔

ملک میں بڑھتے سیاسی عدم استحکام کی ذمہ دار حکومت اور پی ٹی آئی ہے۔ اہل حق یہودی و قادیانی لابی کی اسلام دشمن سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں کا طرز عمل اپنے دعووں کے منافی ہے۔ بیرونی دباؤ پر قانون ناموس رسالت کو غیر موثر بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں