پی سی بی ایل نے ماضی میں سابق انتظامیہ کی طرف سے سستے داموں لیز کی گئی اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کروا لی ہے،ہمایوں مظہر شیخ

بدھ 12 دسمبر 2018 23:30

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) چیئرمین پنجاب کوآپریٹو بورڈ برائے لیکوڈیشن ہمایوں مظہر شیخ نے کہا ہے کہ پی سی بی ایل نے ماضی میں سابقہ انتظامیہ کی طرف سے سستے داموں لیز کی گئی اربوں روپے مالیت کی 1800سے زائد کنال قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی ہے۔پی سی بی ایل کے پاس اس وقت کل 293 پراپرٹیز موجود ہیں ۔

بدھ کے روز اے پی پی سے خصوصی بات چیت کر تے ہوئے ہمایوں مظہر شیخ نے کہا کہ پی سی بی ایل کے ذمہ 2لاکھ 72 ہزار متاثرین کے کلیم واجب الادا تھے‘جن میں سے آج صرف 6 ہزار کے قریب معمولی نوعیت کے کلیم رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کوآپریٹوبورڈ برائے لیکوڈیشن کے پاس اربوں روپے کی پراپرٹی موجود ہے جس میں 132 کمرشل ‘85 رہائشی اور 76 زرعی پراپرٹیز موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بطور چیئرمین چارج سنھبالنے کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سینکڑوں کنال رہائشی اراضی کوناصرف واگزارکروایا ہے بلکہ پی سی بی ایل کی سالانہ کرایہ کی مد میں آمدنی میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پی سی بی ایل کی کمرشل اور رہائشی بلڈنگز کی کرایہ کی مد میں 60 ملین سے زیادہ سالانہ آمدنی ہے‘جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں سستے داموں لیزپر دی گئی پراپرٹیز کو سروے کروا کر دوبارہ میرٹ پر لیز پر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت رہائشی بلڈنگز کے کرایوں کی مد میں 3 سے 4 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی ایل نے روات پنڈی میں 1674 کنال جو حسین کاٹک کو قائد ہاؤسنگ سٹی کے نام پر اونے پونے داموں پر لیز پر دی گئی تھی اس کو قبضہ مافیا سے واگزار کراگیا ہے جس کی ایک کنال کی قیمت 40 سے 50 لاکھ روپے مالیت بنتی ہے۔

پی سی بی ایل نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پراپرٹی فوری واگزار کروائی ہے۔علاوہ ازیںپسرور میں سیٹھی ماڈل ٹائون سوسائٹی کے نام سے 142 کنال رہائشی پراپرٹی بھی واگزارکروائی گئی ہے ‘اسی دوران لاہور میں موضع کماہاں سمیت دیگر موضع جات سے بھی قیمتی رہائشی پراپرٹیز اور پلاٹس واگزار کروائے گئے ہیں جبکہ قبضہ مافیاکے خلاف تھانہ نشتر سمیت دیگر علاقوں میں ملزمان کے خلاف کیسز درج کروائے ہیں اور قبضہ مافیا کی10 افراد کو موقع پر گرفتار کروایا ہے۔ہمایوں مظہر شیخ نے کہاکہ لیکوڈیشن بورڈ میں شفافیت کومزید یقینی بنانے کے لئے پی سی بی ایل کی کمرشل ‘رہائشی اور زرعی پراپرٹیز کو نئے سرے سے سروے کر کے میرٹ پر نیلامی کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں