سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت کے بارے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

جنرل (ر) راحیل شریف کا بیرون ملک ملازمت کا این او سی غیر قانونی قرار، این او سی کی درستگی کے لئے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت

ہفتہ 15 دسمبر 2018 23:00

سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت کے  بارے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت بارے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔سعودی عرب میں اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کا بیرون ملک ملازمت کا این او سی غیر قانونی قراردے دیا۔سپریم کورٹ کی راحیل شریف کے این او سی کی درستگی کے لئے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی۔

فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق این او سی جاری نہ ہونے کی صورت میں جنرل (ر) راحیل شریف اپنی موجود ہ غیر ملکی ملازمت سے فوری طور پر سبکدوش تصور کئے جائیں گے ۔ راحیل شریف کا این او سی قانون کے مطابق نہیں ہے۔ سابق آرمی چیف کو بیرون ملک ملازمت کے لئے جی ایچ کیو اور وزرات دفاع نے این او سی جاری کیا۔

(جاری ہے)

قانون کے تحت سابق سرکاری ملازم کو صرف وفاقی حکومت این او سی جاری کرسکتی ہے۔

این او سی کے بغیر کوئی سابق سرکاری ملازم کسی غیر ملکی حکومت یا ایجنسی کی ملازمت نہیں کرسکتا۔فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سے مراد وفاقی کابینہ ہے، اٹارنی جنرل نے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لئے عدالت سے مہلت طلب کی تھی۔ سیکرٹری دفاع کو حکومت سے این او سی کی بابت ایک ماہ کی مہلت دیتے ہیں۔ مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق این او اسی جاری نہیں کیا جاتا تو جنرل (ر) راحیل شریف بیرونی ملازمت سے سبکدوش تصور کئے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں