ساہیوال حادثہ کسی بھی انسان کی روح تڑپانے کیلئے کافی ہے‘اعجاز عالم آگسٹین

ْعوام یقین رکھے کہ ہر حال میں انصاف کے تقاضے مکمل کیئے جائیں گے ‘صوبائی وزیر انسانی حقوق

اتوار 20 جنوری 2019 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2019ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ ساہیوال میں ہونیوالا المناک واقعہ کسی بھی انسان کی روح تک کو ہلانے کیلئے کافی ہے اور پاکستان بھر میں انسانیت کانپ کر رہ گئی ہے تاہم وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے معاملے کی شفاف ترین انکوائری کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جا چکی ہے ،جسکے نتائج کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہنا درست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور عوام یقین رکھے کہ انصاف ہوتا ہوا واضح طور پر نظر آئے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی تمام قیادت سانحہ ساہیوال میں شہید ہونیوالے تمام افراد کے لئے افسردہ اور معصوم بچوں ، متاثر ہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ ایسے ایشوز پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آرہے اور لوگوں کی تکلیفوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں مگر عوام کو ایسے لوگوں کے بیانات پر دھیان نہیں دینا چاہیئے ۔

صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتجاج کی بجائے عمران خان کی حکومت پر یقین کرتے ہوئے جے آئی ٹی کی تفصیلی رپورٹ آنے دیں تاکہ انصاف کے تمام تقاضے مکمل کیئے جا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں