ایم کیوایم متحد ہے ،لیڈروں کی تقسیم سے کارکن تقسیم نہیں ہوئے، شخصیات کے آنے جانے سے جماعت کوکوئی فرق نہیں پڑتا ،سانحہ ساہیول افسوسناک ہے ،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 21 جنوری 2019 20:50

لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن و ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم متحد ہے ۔لیڈروں کی تقسیم سے کارکن تقسیم نہیں ہوئے شخصیات کے آنے جانے سے جماعت کوکوئی فرق نہیں پڑتا ،سانحہ ساہیول افسوسناک واقعہ ہے ،دہشتگردی اس ملک کا سب سے بڑا چیلنج ہے ، اس سانحہ کے ذمہ داروں کو کڑی سزا ملنی چاہیے وہ سوموار کو ورچوئل یونیورسٹی میں اپنے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کو ڈیجٹلائز کریں ،اس کے لیے پاکستانیوں کو ہی تربیت فراہم کرنی ہے ،آنے والے وقتوں میں آئی ٹی کی بدولت ملکی حالات بدلیں گے،سافٹ وئیر کے ذریعے ایک بلین ڈالر کما رہے ہیں ، جوآئندہ سال پانچ سے سات بلین تک چلی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موبائل فون کی قیمت مزید کم کرنے اور وائی فائی کو فری کرنے کے لئے کوشاں ہیں،انہوں نے بتایا کہ ورچوئل یونیورسٹی ہماری آئی ٹی وزارت کے دائرے میں آتی ہے جس نے اپنے اندر ایک نئی دنیا بسائی ہوئی ہے ملک کے اندر غربت جہالت کو دور کرنے کے لیے کیا کیا اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں اس بارے میں بات چیت ہوئی ہے ملک میں غیر ترقیاتی علاقوں میں بھی تعلیم پہنچائیں گے پاکستان کو ڈیجیٹلائز کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو یونیورسٹی نکھارنے کے لئے آگے بڑھے ،آئی ٹی انڈسٹری کے ذریعے ملک کے بہت سارے مسائل کا حل ڈھونڈ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کے اندر اپنے ماہرین کو تیار کرنا ہے جسکے لیئے تعلیمی میدان میں اضافی کورسز کرنا پڑیں تو کرائیں گے تاکہ ہم عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھ سکیں۔ وفاقی وزیر نے ایک سوال پر کہا کہ ہمیں جن حالات کا سامنا ہے ہم سب نے ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے ۔ انہوں نے اپنی وزارت کے متعلق ایک سوال پر کہا کہ حکومت سے معاہدے میں ایم کیو ایم نے آئی ٹی کی وزارت مانگی تھی اور ایم کیو ایم نے یہ نہیں کہا کہ جو مانگا ہے وہ نہیں ملا یہ الگ بات ہے کہ آئی ٹی وزارت کے لیئے میرا نام آیا اور میں میڈیکل ڈاکٹر ہوں اور آئی ٹی کے لوگ آئی ٹی کے ڈاکٹر ہیں اور میں نے انکو ساتھ لیکر چلنا ہے۔

تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں ہمیںملک کو عالمی مارکیٹ کی سطح پر لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ فون کی اگر مقامی سطح پر تیاری شروع ہو تو اس کی قیمت کم ہو جائے گی تاہم باہر سے درآمد شدہ موبائل کی قیمت اسی لیے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت آئی ٹی انڈسٹری کو بہت فروغ ملے گا اور اس سے سرمایہ کاری آئے گی ۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے ورچوئل یونیورسٹی لاہور کیمپس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹرڈاکٹر نوید ملک نے انہیں یونیورسٹی میں پڑھائے جانے والے نصاب اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں