پاکستان کے اسلامی تشخص کو پامال کرنے کیلئے کچھ نام نہاد این جی اوز بیرونی ایجنڈے پر کام کررہی ہیں ‘امیر العظیم

ملکی بقا، سا لمیت ،استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنی صفوںمیں اتحاد پیدا کرناہو گا‘ امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ23مارچ کا دن تجدید عہد کادن ہے اوریہ ملکی بقا، سا لمیت ، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی صفوںمیں اتحاد پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے، 23مارچ قرارد پاکستان ایک تاریک ساز دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ ریاست کی جدوجہد کے لیے یکجہتی کی راہ دکھائی اور صرف سات برسوںمیں مسلمانوں نے بانی وطن قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں عظیم ریاست کو حاصل کرلیا۔

ان خیالات کا اظہار انھو ں نے گزشتہ روزلاہور میں 23مارچ کے حوالے سے منعقدہ مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے اور پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق اسلامی شرعی نظام کے سانچے میں ڈھال کردنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیاں دے کرحاصل کیا ۔

اس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ملک میں کرپشن ، رشوت خوری، میرٹ کی پامالی، لاقانونیت ، معاشرتی اخلاق کی تنزلی ا ور گراوٹ سمیت ان گنت مسائل ہیں ، جن سے پوری قوت اور سنجیدگی سے لڑنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو چاروں طرف سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔ دشمن ہر سمت سے حملہ آور ہیں، وہ جہاں دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست کی ایٹمی صلاحیت چھیننا چاہتے ہیں وہاں پاکستان کے اسلامی تشخص کو چند مٹھی بھر اور نام نہاد سیکولر این جی اوز کے ذریعے نقصان بھی پہنچانا چاہتے ہیں۔

ہمیں ان سازشوں کا پوری طرح ادراک ہے، اس کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔ پاکستان آج نازک صورت حال سے دوچار ہے۔ سیاسی عدم استحکام سے ملکی سا لمیت ، قومی اتحاد کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ملک سے چور ، لٹیرے اور کرپٹ عناصرکا قلع قمع نہیں کرلیا جاتا اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں بے لوث خدمت کرنے والی قیادت میسر نہیں آجاتی، اس وقت تک بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی۔

ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریںگے اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کو مقدم سمجھیں گے۔ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے جو دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا۔ امیر العظیم نے مزیدکہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی اساس کلمہ طیبہ ہے ، اس سے انحراف کرکے ہم اپنے وجود کو برقرار نہیں رکھ سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو اسلام کا مضبوط قلعہ کہا جاتا ہے۔ بھارت ، اسرائیل ، امریکہ اس قلعہ کی بنیادوں کو کھوکھلا کرکے اس کو منہدم کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں