لاہور ، معمولی تلخ کلامی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ،دو زخمی ،چوہنگ میں آتشزدگی سے 2بجے ہلاک

بتی چوک کے قریب راہگیروں پر فائرنگ کے بعد ملزمان رکشے میں فرار ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا ، ملزمان کی گرفتاری کا حکم چوہنگ میں والدین مچھر مار کوائل جلا کر بچوں کو سلا کر چلے گئے ،قالین کو آگ لگنے سے 7سالہ سفیان ،9سالہ ارسلان جھلس کر جان کی بازی ہا ر گئے

اتوار 24 مارچ 2019 14:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) صوبائی دارلحکومت میں بتی چوک کے قریب معمولی تلخ کلامی پر نامعلوم افراد نے راہگیروں پر فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ،چوہنگ میں مچھرمار کوائل سے گھر میں آگ لگنے کے باعث کمرے میں سوئے ہوئے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ راوی روڈ، میٹرو سٹیشن بتی چوک کے قریب نا معلوم افراد نے راہگیروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجہ میں 26سالہ اختر عرف مٹھو موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کے واقعہ میں 2افراد زخمی بھی ہوئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی اکبر اور تاج محمد کو میو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان چنگ چی رکشہ میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے،ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے جارہے تھے، زخمی اکبر کا بتانا تھاکہ ملزمان نے کہا کہ ہماری طرف دیکھا کیوں اور فائرنگ کردی۔متاثرہ شخص کے بچوں کا کہنا تھاکہ وہ اپنی خالہ کے گھر واپس آرہے تھے جیسے ہی بس سے نیچے اترے ملزمان نے فائر کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔ دوسری جانب چوہنگ میں مچھرمار کوائل سے گھر میں آگ لگنے کے باعث کمرے میں سوئے ہوئے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔خوفناک آتشزدگی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب والدین مچھر مار کوائل جلا کر بچوں کو سلا کر محفل میں شرکت کیلئے چلے گئے اسی دوران قالین کو آگ لگ گئی جس سے دونوں بچے بری طرح جھلس کر جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہو نے والوں میں 7سالہ سفیان اور 9سالہ ارسلان شامل ہے۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کردیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں