ورلڈ کپ میں 100فیصد پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے ‘بابر اعظم ‘فہیم اشرف ‘حارث سہیل ‘حسن علی اور جنید خان کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 21 اپریل 2019 17:15

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرکٹرز ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،حارث سہیل ،حسن علی اور جنید خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں 100فیصد پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے اور انشاء اللہ چیمپئنز ٹرافی کی طرح ورلڈ کپ بھی لے کر وطن واپس لوٹیں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ کرکٹرز کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کی تیاریاں مکمل ہیں ۔

بھارت سمیت ہر ٹیم کے خلاف میچ اہم ہے اور کسی میچ کو آسان نہیں لیں گے ۔ اوپننگ بلے باز بابر اعظم نے کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کی جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہے اور جیت کے جذبے سے ہی انگلینڈ جائیں گے ۔بابر اعظم نے کہاکہ ٹیم میں اپنے رول کے مطابق کھیلتا ہوں اور وکٹ پر زیادہ ٹھہرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہاکہ پاورہٹنگ کے بغیر ہی دنیا کا ٹاپ کا بلے باز ہوں مجھے پاور ہٹنگ کرنے کی کیا ضرورت ہے تاہم لیکن سچویشن کے مطابق پاور ہٹنگ کرسکتا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم کو تیز وکٹوں پر کھیلنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ہمارے بلے باز سائوتھ افریقہ کی تیز وکٹوں پر بھی اچھا کھیلے ہیں ۔بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنا ایک خواب ہے جس کی تعبیر ملنے والی ہے ۔حارث سہیل نے کہاکہ پاک بھارت میچ میں ابھی کافی دیر پڑی ہے اسلئے اس کے بارے میں ابھی کوئی پلاننگ نہیں کی ۔ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت کے مطابق کھیلیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز اوروارم اپ میچز سے ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی اور ٹیم کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ میرا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننا ہے ۔ہر کھلاڑی کی خواہش ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ میں جیتے اور ٹرافی پاکستان آئے ۔شاداب خان کی بیماری کا سن کر دکھ ہوا ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ ورلڈ کپ تک وہ فٹ ہوجائے ۔

حارث سہیل نے کہاکہ دنیا بھر کے کرکٹرز انجریز کا شکار ہورہے ہیں اور اسی طرح میں بھی انجری کا شکار ہوا تھا ۔میرا اپریشن صحیح نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے مجھے تھوڑا بہت مسئلہ پیش آتا تھا لیکن اب ٹھیک ہوں ۔فاسٹ بولر حسن علی نے کہاکہ وہ پی ایس ایل کے ٹاپ وکٹ ٹیکر ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ مخالف ٹیموں کے نامور بلے بازوں کو جلد ازجلد آئوٹ کروں اور کم سے کم اسکور دوں ۔

میرا ٹارگٹ مسلسل اچھا پرفارم کرنا اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔فاسٹ بولر جنید خان نے کہاکہ فاسٹ بولر محمد عامر کے انگلینڈ میں پرفارمنس کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات کا مجھے کوئی خوف نہیں ہے ۔مجھے اللہ پر یقین ہے ۔اللہ محنت کو ضائع نہیں جانے دیتا ۔اگر عامر اچھی پرفارمنس دکھائے تو ٹیم میں شامل ہونا اس کا حق ہے اور اگر میری پرفارمنس اچھی ہے تو ٹیم میں شمولیت میر حق ہے ۔

انہوں نے کہاکہ میرا تعلق جس علاقے سے ہے وہاں ہارڈ بال کی کرکٹ نہیں ہوتی لیکن اللہ نے پھر بھی مجھے پاکستان ٹیم میں شمولیت کا موقع دیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف میچ ہو یا کسی بھی ٹیم کے خلاف میری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ آئوٹ کروں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ہو۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سالوں کا تجزیہ کریں تو پتہ چلے گا کہ پاکستانی بولرز نے مخالف ٹیموں کے دس کھلاڑیوں کو زیادہ مرتبہ آئوٹ کیا جبکہ مخالف ٹیم کو زیادہ بار 250سے کم اسکور پر آئوٹ کیا ۔

فہیم اشرف نے کہاکہ وہ بطور آل رائونڈر ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور بیٹنگ بولنگ دونوں شعبوں میں پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ میرا پہلا ورلڈ کپ اور انشاء اللہ اچھی پرفارمنس دوں گا ۔کوشش کررہاں ہوں کہ ایسی پرفارمنس دوں کہ وہ ہمیشہ یاد رہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں