اپوزیشن اپنی کرپشن کے معاملے پر ’’مٹی پائو فارمولہ ‘‘ چاہتی ہے ، مسرت جمشید چیمہ

منگل 23 اپریل 2019 17:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں قومی دولت لوٹنے والا مافیا احتساب کے شکنجے میں آ چکا ہے ، اپوزیشن اپنی کرپشن کے معاملے پر ’’مٹی پائو فارمولہ ‘‘ چاہتی ہے اور اسی لئے حکومت پر دبائو بڑھانے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں ، تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ بجٹ اس کا آئینہ دار ہوگا ۔

انہوں نے مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے خارجہ پالیسی میں توازن قائم کیا ہے اور آج پاکستان کے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ ایران اہمیت کا حامل ہے اور اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہوں گی بلکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں مل کر باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کی کرپشن کے لئے ’’ مٹی پائو فارمولہ ‘‘ استعمال کیا جائے جو کسی صورت ممکن نہیں، اپوزیشن کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی واپس لوٹانا ہو گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ حکومت معیاری اور یکساں تعلیمی نصاب کیلئے کوشاں ہے اور تعلیم کے شعبے میں بھی اصلاحات کے ذریعے تبدیلیاں لائی جارہی ہیں جس سے ہمارے نوجوانوں کا مستقبل روشن اور تابناک ہوگا اور انہیں آگے بڑھنے میںبرابری کے مواقع میسر آئیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں