ْ بد عنوانی کی کئی دہائیوں سے چلی آنے والی روایات کو منوں مٹی تلے دفن کردیں گے، مسرت چیمہ

جمعرات 25 اپریل 2019 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت میں اشرافیہ نہیں بلکہ پسے ہوئے طبقات کو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن یہاں الٹی گنگا بہتی رہی ہے، مٹھی بھر اشرافیہ اور ان کے حواری امیر سے امیر تر جبکہ غریب دو سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا ہے ،گورننس میں واضح بہتری نظر آنے پر بیرون ممالک کے سرمایہ کار پاکستان کی جانب راغب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کا درد رکھتے ہیں اور قوم کی دعائوں سے انہیں کامیابیاں ہی ملیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت بد عنوانی، کمیشن اور کک بیکس کی کئی دہائیوں سے چلی آنے والی روایات کو منوں مٹی تلے دفن کر دے گی اور اسی سے ہمارا ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی و آسودگی لانے اور کرپشن کے آگے بندھ باندھنے سے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اس لئے واویلا کیا جارہا ہے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ والے حکومت نہیں بلکہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں لیکن پاکستان آگے بڑھ جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں