ّ مدارس کووزارت تعلیم سے منسلک کرنے کی قانون سازی پراعتماد میں لیاجائی: علامہ نیاز نقوی

اتوار 19 مئی 2019 22:10

خ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مدارس دینیہ کو وزارت تعلیم سے منسلک کرکے اتحاد تنظیمات مدارس اورپانچوں وفاق المدارس کا دیرینہ مطالبہ منظور کر لیا گیا ہے، جس سے مدارس کی خود مختاری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ امید ہے کہ فیصلے کے نفاذ میں بھی کوئی عملی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔

اس پر قانون سازی کا عمل مدارس دینیہ کی قیادت کو اعتماد میں لے کر کیا جائے۔ بیرون ملک سے غیر ملکی طلباء کیلئے بھی اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ9 سال تک زیر تعلیم رہ سکتے ہیں۔ اسی طرح سے مدارس دینیہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ خفیہ ایجنسیوں کی غیر ضروری مداخلت اورمدارس سے پوچھ گچھ کا سلسلہ بھی بند ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مدارس دینی تعلیم دیتے ہیں انہیں وزارت تعلیم سے ہی منسلک ہونا چاہیے تھا۔

سابقہ حکومتوں نے مدارس کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دی لیکن موجودہ حکومت میں دینی مدارس کی قیادت کے مطالبات پر جو اقدام اٹھایا گیا ہے ، قابل تحسین ہے ۔خاص طور پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہونے والی ملاقاتیں خاصی مفید رہیں۔ اس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ جس سے مسائل حل کرنے پر اتفاق رائے اور حتمی فیصلے تک پہنچنے میں خاصی مدد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ مطالبہ باقی ہے جو امید ہے کہ آئندہ اجلاسوں میں حکومت کے ساتھ زیر بحث آئے گا کہ پانچوں وفاق المدارس کو ڈگری بھی دینے کا اختیار بھی ہونا چاہیے ۔علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن وفاقی وزارت تعلیم کے ساتھ ہوگی ،جس کے لئے ملک بھر میں 10۔ رجسٹریشن مراکز قائم کئے جائیں گے۔ صوبائی محکمہ جات تعلیم سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ۔

رجسٹریشن فارم اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کی مشاورت سے تیار کیا جائیگا ۔ جس میں تمام ضروری معلومات ہوںگی۔ ایجنسیوں کے اہلکار اگر معلومات لینا چاہیں گے تو وہ وزارت تعلیم کے ذریعے لیں گے۔ وزارت تعلیم کے ساتھ منسلک ہونے سے مدارس کی خودمختاری متاثر ہونے کے تاثر کو زائل کرتے ہوئے نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے پہلے مدارس کومحکمہ صنعت، وزارت داخلہ اور نیکٹا کے ساتھ رجسٹرڈ کرنا غلط اقدام تھا، جو اب ختم ہوجائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں