حکمرانوں کے پاس مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں ‘امیر العظیم

حکومتی اقدامات درحقیقت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں

پیر 20 مئی 2019 16:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومتی سبسڈی کے باوجود سستے رمضان بازاروں میں دستیاب اشیاء کی قیمتیں اور کوالٹی تسلی بخش نہیں ،بازاروں میں سرکاری مقرر کردہ نرخوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں،مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، موجودہ حکمرانوں نے بھی عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس کا قیام عوام کو لالی پاپ دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ماضی قریب میں بھی اس قسم کی ان گنت ٹاسک فورسز قائم کی جاتی رہی ہیں مگر ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

رمضان المبارک میں بھی دوکاندار عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ہر چیز عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر بد قسمتی سے وہ بھی محض چہروں کی تبدیلی لانے کے سوا کچھ نہیں کرسکے۔ عوام میں اضطراب اور مایوسی دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 22کروڑ عوام موجودہ حکمرانوں کا سابقہ حکمرانوں سے موازنہ کرنے پرمجبور ہیں۔

وسائل سے مالامال ملک نا اہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت قرضوں کی دلدل میں دھنستا چلا جار ہا ہے۔ جب تک خود انحصاری اور خود مختاری کی پالیسی کو اختیار نہیں کیا جائے گا ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔ ملک میں اس وقت 40فیصد آبادی ایسی ہے جس کو دوقت کی باعزت روٹی میسر نہیں،جبکہ حکمرانوں کے اقدامات دکھاوے اور ڈنگ ٹپائو کے سوا کچھ نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں