حکومت روزگار دینے کی بجائے روزگار چھینے کی پالیسیوں پر گامزن ہے‘ذکر اللہ مجاہد

ایک سال میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں ریکارڈ اضافہ حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت روزگار دینے کی بجائے روزگار چھیننے کی پالیسیوں پر گامزن ہے ۔حکومتی وزیر وفود چوہدری کے بیان سے نوجوان طبقہ مایوس ہوا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ضلعی عہدیداران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد،نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری، ملک شاہد اسلم، اظہر بلال، افتخار احمد چوہدری، انجینئر خالد عثمان،ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمودالاحد، عبدالعزیز عابد، عبدالحفیظ اعوان، عمر شہباز، امراء علاقہ جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمد شوکت، حاجی ریاض الحسن، خالد احمد بٹ، ملک محمد شفیق سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت ایک سال میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، خیالوں اور تقریروں سے عوامی مسائل حال کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ عملی طور پر عام آدمی کو کوئی ریلیف دینے کے حوالے سے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی بلکہ غریب مکائوں پالیسی کو اپنا کر غربیوں کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی اور غربت ختم کرنے کی بجائے سابقہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

ملکی معیشیت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ملک کا نوجوان طبقہ روزگا رسے محروم دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان جرائم کی طرف مائل ہے اور ہمارے حکمران اقوام متحد کی تقریر کے سحر سے ابھی تک باہر نہیں نکلے رہے ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ باتوں اور دعووں سے حکومتیں نہیں چلاکرتی اگر حکومت عوامی مسائل حل نہیں کرسکتی، مہنگائی کو کنٹرول نہیں کرسکتی اور عام آدمی کو بجلی، گیس، پٹرول سمیت دیگر انسانی ضروریات زندگی پر ریلیف فراہم نہیں کر سکتی ہے تو اس کا اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں