گرینڈ ہیلتھ الائنس کی امن ریلی ، جاںبحق افراد کی یاد میں شمعیںبھی روشن کی گئیں

ٰہرسال 11دسمبر کے دن کو یوم سیاہ قرار دینے کا مطالبہ ، پیر کو آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کرینگے

جمعہ 13 دسمبر 2019 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2019ء) گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے سروسز ہسپتال سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تک امن ریلی نکالی گئی ، شرکاء نے وکلاء کے حملے کی وجہ سے علاج معالجہ معطل ہونے سے جاںبحق ہونے افراد کی یاد میں شمعیںبھی روشن کیں ، گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہرسال 11دسمبر کو یوم سیاہ قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے گزشتہ روز سروسزہسپتال سے پی آئی سی تک امن ریلی نکالی گئی جس میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی ۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جس پر اس واقعہ کی مذمت اور اسے یوم سیاہ قرار دیا گیا تھا جبکہ اس موقع پر علاج معالجہ معطل ہونے سے جاںبحق ہونے والے افراد کی یاد میں شمعیںبھی روشن کی گئیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ، وزیر صحت اور وزیر قانون نے ابھی تک کیا ایکشن لیاہے ۔ ہم نے امن کیلئے ریلی نکالی ہے او ریہ پہل ہے ۔ الائنس کی طرف سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے او رپیر کے روز آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ یاسمین راشد دس سے پندرہ روز پہلے معاملے کو سنجیدہ لیتی تو اس طرح کے حالات پید ا نہ ہوتے ۔

انہوںنے کہا کہ پی آئی سی میں ایمر جنسی بحال ہو گئی ہے ،ایمرجنسی وارڈ متاثر ہونے کی وجہ سے کام بند ہوا ہم نے کوئی ہڑتال نہیں کی جبکہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیر امیڈیکس فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگرحکومت ہمارے مطالبے کے مطابق ہسپتالوں کی سکیورٹی کابل منظورکردیتی تو یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔ ریلی کی وجہ سے جیل روڈ پر ٹریفک کاشدید دبائورہا جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ریلی کے شرکاء نے سانحہ کے مقام پر پھولوں کے گلدستے رکھے اور جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت بھی کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں