اتحاّدیوں کے گلے شکوے ضرور ہیں لیکن کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا ‘ ہمایوں اختر خان

سیاسی بحران کا شکار اپوزیشن کو تعصب کیوجہ سے ہر طرف بحران نظر آرہا ہے ‘ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 جنوری 2020 20:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ تمام عالمی ادارے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر گامزن ہونے کی وجہ سے معیشت میں غیر معمولی بہتری کی رپورٹس دے رہے ہیں جبکہ سیاسی بحران کا شکار اپوزیشن کو تعصب کی وجہ سے ہر طرف بحران نظر آرہا ہے ،ہمارے دور میں کسی بھی طرح کی انڈسٹری بیرون ملک منتقل نہیں ہوئی ،پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کے ذریعے عوامی نمائندوں کو با اختیار بنایا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام میں 80ارب روپے بڑھائے ہیں جس کا مقصد کئی سالوں سے نظر انداز طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ،راشن کارڈ جاری ہونے والے ہیں،اسی طرح ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں کیا یہ قابل ستائش اقدامات نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پناہ گاہوں اور لنگر خانوں پر تنقید کرتی ہے لیکن بتایا جائے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں کیوں بے گھر لوگوں کیلئے اس طرح کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔کرپشن کا کاروبار بند ہونے کی وجہ سے اپوزیشن کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں اس لئے صرف حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام صوبوں کو فنڈز منتقل کئے جارہے ہیں او رصوبوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح ان کا مثبت استعمال کرتے ہیں۔

اقتصادی صورتحال قابو سے باہر نہیں بلکہ حکومت نے اسے بڑی مشکل کے بعد قابو کیا ہے ،آج ڈالر کی قیمت کنٹرول ہو گئی ہے ، انشااللہ آنے والے دنوں میں پالیسی ریٹ بھی کم ہوگا اور اب پوری توجہ معیشت کو بحال کرنے پر مرکوز ہے ۔انہوںنے مہنگائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم نے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور انتظامیہ کو متحرک کیا گیا ہے ، اس کے لئے جلد میکنزم بن جائے گا جس سے طلب رسد اور دیگر مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ اتحادیوں کے گلے شکوے ضرور ہیں لیکن کوئی اتحادی ہمیں چھوڑ کر نہیں جارہا اس لئے جن کے دل میں خواہشیں مچل رہی ہیں وہ دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں نوکریوں کے عوض پیسے لینے کی جو الزام سامنے آیا ہے اس میں کسی وزیر یا رکن اسمبلی پر کوئی الزام نہیں ،حکومت نے اس کی فوری انکوائری شروع کر ا دی ہے اور اس کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں