شہباز تتلہ قتل کیس میں گرفتار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

جمعرات 4 جون 2020 17:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) لاہور کی مقامی جوڈیشل عدالت نے سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہباز تتلہ قتل کیس میں گرفتار ایس ایس پی پولیس مفخر عدیل اور شریک ملزم اسد بھٹی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے ملزمان کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ماڈل ٹاؤن کچہری کی جوڈیشل مجسریٹ شازیہ محبوب نے کیس کی سماعت کی۔

جمعرات کو کوروناوائرس کے خدشات کے پیش نظر ملزم مفخر عدیل اور اسد بھٹی کو پیش نہیں کیا جاسکا۔ مدعیوں کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پولیس حکام نے ملزمان مفخر عدیل اور اسد بھٹی کے وارنٹ کی کاپی عدالت میں پیش کی، جس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے خدشات کے باعث مفخر عدیل اور اسد بھٹی کو پیش نہیں کیاجاسکتا، جس پر عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایس ایس پی مفخرعدیل 12 فروری کی رات اپنی رہائش گاہ لاہور سے اچانک پراسرار طور پر غائب ہوگئے تھے جبکہ ان کے دوست سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہبازتتلہ 7 فروری کو اغوا ہوئے۔ جس کا پولیس تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے دونوں کے مشترکہ دوست اسد بھٹی اور ملازم عرفان کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس پر ایس ایس پی مفخر عدیل کو گرفتار کیا۔ پولیس تفتیش کے مطابق ملزمان نے سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہباز تتلہ کو قتل کیا ہے جس کا بعدازاں دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف بھی کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں