مودی سرکار نے 5اگست کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا‘میاں اسلم اقبال

بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور آزادی پسند عوام کے ارادوں کو کبھی متزلزل نہیں کرسکتے ‘صوبائی وزیر صنعت و تجارت

بدھ 4 اگست 2021 21:01

مودی سرکار نے 5اگست کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا‘میاں اسلم اقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے 5اگست 2019 کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیااور بھارتی حکومت کا 5اگست کا اقدام بھارت کے متصب چہرے پر بدنما داغ ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت گزشتہ 7عشروں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

بھارت کی ظالمانہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی آواز دبا نے کیلئے ظلم کا ہرہتھکنڈہ استعمال کیا ہے۔ مگربھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادراور آزادی پسند عوام کے ارادوں کو کبھی متزلزل نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارتی انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل ضروری ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بہترین وکیل اور انکی مضبوط آواز ہیں جنہوں نے ہر فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں