مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں ‘سعید الحسن شاہ

اقوام متحدہ کا ادارہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیریوں پر مظالم بند کرائے‘ وزیر اوقاف سید کا یوم استحصال کشمیرپرپیغام

بدھ 4 اگست 2021 21:01

مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں ‘سعید الحسن شاہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت گزشتہ 7عشروں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔بھارت کی ظالمانہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اوربھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔

بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پرپہلے بھی بے نقاب کیا ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیںگے۔ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی آواز دبا نے کیلئے ظلم کا ہرہتھکنڈہ استعمال کیا ہے ۔ مگربھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادراور آزادی پسند عوام کے ارادوں کو کبھی متزلزل نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

بھارتی انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔

انہوںنے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے ۔بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاگیاہے ۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیںگے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کے زیر تسلط غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاک ڈائون کو2سال مکمل ہوگئے مگر کشمیریوں کے دکھ کم نہ ہوئے۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

انہوںنے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورپاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

کشمیری عوام کی سفارتی ،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیںگے۔انہوںنے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوںکا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو پامال کیااور بھارتی حکومت کا 5اگست کا اقدام بھارت کے متصب چہرے پر بدنما داغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے کشمیریوں پر مظالم بند کرائے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل ضروری ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بہترین وکیل اور انکی مضبوط آواز ہیںجنہوں نے ہر فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں