سید علی گیلانی کا نعرہ، ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی میں نئی روح پھونک گیا ہے،امیر العظیم

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے مولانا ظفر علی خان ٹرسٹ کے فکری فورم کے زیر اہتمام عظیم کشمیری قائد، حریت رہنما سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی نے بھارت سے کہا تھا کہ ہمیں ہماری مرضی سے جینے دو، اگر نہیں جینے دو گے تو ہم گھر نہیں بیٹھیں گے بلکہ تمھارا جینا حرام کر دیں گے۔

آج بھارت کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔ سید علی گیلانی کی جدوجہد کی تحریک اس دن کامیاب ہو گئی تھی، جب نوجوان اس تحریک کے شہید بن گئے۔ انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ پوری قوم انھیں اپنا قائد تصور کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بھارت سے آزادی کے سوا ہر آپشن سے انکار کیا اور اپنے اصولوں پر ڈٹے رہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا یہ کہنا تھا: ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کا نعرہ کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی میں نئی روح پھونک گیا ہے۔ سید علی گیلانی کا کہنا تھا حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن پاکستانی عوام ہمارے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے لیے یہی کافی ہے۔ سید علی گیلانی نے برہان مظفر وانی کی شہادت پر کہا تھا کہ اب ہر کشمیری نوجوان برہان وانی ہے، بھارت اب آزادی کی تحریک کو روک نہیں سکتا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری دانشور رہنما مرتضیٰ شبلی نے کہا سید علی گیلانی اپنے موقف اور اصول پر ڈٹے رہنے والے کشمیر کی پانچ سو سالہ تاریخ کے واحد رہنما تھے۔ انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی پاکستانی ریاستی اداروں کے ساتھ بعض تحفظات کے باوجود بھی پاکستان کی آئیڈیالوجی کے ساتھ رہے اور وہ پاکستان کی آئیڈیالوجی کے ترجمان تھے۔ انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی وادی کشمیر میں نظریہ اسلام و نظریہ پاکستان کے ترجمان تھے وہ اس صدی کے سب سے بڑے حریت رہنما تھے۔تعزیتی ریفرنس سے خالد محمود، چودھری نصیر احمد ایڈووکیٹ، مسلم کانفرنس کے رہنما وحید ہاشمی، میاں وحید، تاثیر مصطفی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں