سیالکوٹ سانحہ کے مجرمین کیفر کردار کو پہنچیں گے ، وزیر اعظم خود نگرانی کر رہے ہیں‘ حافظ طاہر اشرفی

سری لنکا کی عوام کے سامنے شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں ‘وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی کی گفتگو

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) سیالکوٹ سانحہ کے مجرمین کیفر کردار کو پہنچیں گے ، وزیر اعظم خود تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں، اب تک 118 افراد گرفتار ہو چکے ہیں، سری لنکا کے جمعیت علما ئے اسلام کے سربراہ سمیت مسلم قائدین سے رابطہ میں ہیں، اگر توہین مذہب یا توہین رسالت ؐ کی شکایت ہو تو پولیس سے رجوع کرنا چاہیے ، سیالکوٹ معاملہ میں توہین رسالت ؐ اور توہین مذہب کا نام استعمال کیا گیا، توہین رسالت ؐ یا توہین مذہب کا الزام بہت ہی حساس ہوتا ہے جس پر مکمل تحقیق کی جاتی ہے ، متحدہ علما ء بورڈ پنجاب اس طرح کے کیسوں کو مسلسل دیکھتا ہے اور اس پر تمام مکاتب فکر کے علما ء و مشائخ کی مشاورت سے فیصلہ کیا جاتا ہے ، اگر کسی پر جھوٹا توہین رسالت ؐ یا توہین مذہب کا الزام لگایا جاتا ہے تو الزام لگانے والا توہین رسالت ؐیا توہین مذہب کا مجرم ہوتا ہے ، سری لنکا کی عوام کے سامنے شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و متحدہ علما بورڈ پنجاب اور نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں جو واقعہ ہوا وہ پوری قوم کیلئے شرمندگی کا سبب ہے ، توہین رسالت ؐ کا الزام انتہائی سنگین ہوتا ہے ، اس کی تحقیقات بھی مکمل اور غیر جانبدار کی جاتی ہیں اور کی جانی چاہئیں ، گزشتہ ایک سال کے دوران توہین رسالت ؐ اور توہین مذہب کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہوا ہے ، پاکستان علما ء کونسل ، دارالافتا پاکستان ، متحدہ علما ء بورڈ اور دیگر جماعتیں انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں ، انتہا پسندانہ سوچ کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سیالکوٹ واقعہ میں 118 افراد گرفتار ہو چکے ہیں ، وزیر اعظم خود تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں ، آئی جی پنجاب تفتیش کی سربراہی کر رہے ہیں ، مجرموں نے توہین رسالت ؐ و توہین مذہب کا نام ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا ، مجرم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں