عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حزب اختلاف پر بجلی بن کر گرتے ہیں‘مسرت جمشید چیمہ

انشااللہ وہ وقت دور نہیںجب پاکستان مضبوط معیشت والے ممالک کی صف میں شامل ہو گا‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

جمعرات 9 دسمبر 2021 11:42

عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حزب اختلاف پر بجلی بن کر گرتے ہیں‘مسرت جمشید چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عالمی سروے موجود ہیں کہ پاکستان میںمہنگائی کی شرح خطے کے دیگرممالک کے مقابلے میں آج بھی کم ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلامی فلاحی ریاست کی تکمیل کے لئے تمام طبقات کی ذمہ داری لی جارہی ہے ،صحت انصاف کارڈ ،احساس پروگرام اوربلاسود قرضوں کی فراہمی پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی پروگرام ہیں جوحزب اختلاف پر بجلی بن کر گرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این ای133میں پارٹی رہنمائوں اورکارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام حقائق سے آگاہ ہو رہے ہیںاس لئے وہ اپوزیشن کے منفی پراپیگنڈے کو کسی خاطر میں نہیں لا رہے جس کی وجہ سے حزب اختلاف کے رہنمائوں کا اضطراب اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی جانب سے معیشت کی ترقی کیلئے کی جانے والی پیشرفت کو سرا ہا رہے ہیں جبکہ حزب اختلاف والے اپنی انا اور تسکین کے لئے اسے جھٹلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وژن سے مستحکم معیشت کی بنیاد رکھ دی ہے اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی مضبوط معیشت والے ممالک کی صف میں شامل ہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں