کرپشن اور نااہل قیادت ملک کے مسائل کی جڑیں ہیں‘ذبیح اللہ بلگن

خاندانوں کی اجارہ داریاں ختم کرکے اہل اور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا

جمعہ 22 مارچ 2024 15:33

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) جماعت اسلامی کے رہنما ذبیح اللہ بلگن نے کہا ہے کہ نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ملک کی تقدیر بدل دیں گے،دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم، کرپشن اور نااہل قیادت ملک کے مسائل کی جڑیں ہیں ، خاندانوں کی اجارہ داریاں ختم کرکے اہل اور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تبدیلی پرامن جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طاقت کی مرہون منت ہے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، تعلیم سستی ہوگی اور انصاف اور قانون کا بول بالا ہوگا۔

(جاری ہے)

ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منشور میں تعلیم ، صحت ،زراعت اور صنعت کے سیکٹرز میں اصلاحات کے لیے انقلابی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، موجودہ حکومت دھاندلی کی وجہ سے بنی ، جماعت اسلامی کا راستہ روکا گیا، ہم دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے اور آئندہ کے لیے جدوجہد بھی جاری رہے گی، عوامی تائید سے ہی اقتدار میں آنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نوٹوں، لوٹوں اور بوٹوں کی سیاست سے نجات کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی، جماعت اسلامی کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں