لاہور،ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں ، روٹی و نان کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کی خلاف ورزی پر 21 افرادگرفتار

منگل 30 اپریل 2024 13:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے روٹی و نان کی مقررہ قیمتوں پر فروخت کی خلاف ورزی پر 21 افراد کو گرفتار کر کے 02 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا ۔ ترجمان کے مطابق سستی روٹی و نان دستیابی کے حوالے سے صورتحال روز بروز بہتر ہو رہی ہے، اب خلاف ورزی صرف 9 فی صد رہ گئی ہے۔ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے اس حوالے سے کہا ہے کہ 1344مقامات کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 110 مقامات پر خلاف ورزیاں پائی گئیں ،مجموعی طور پر 32 مقدمات کا اندراج اور 21 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ روٹی و نان کی قیمتوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو مجموعی طور پر 02 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون صاحبزادہ یوسف نے 10 ہزار جرمانہ اور 01 مقدمے کا اندراج کروایا،اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نبیل میمن نے 4 خلاف ورزیوں پر تندور مالکان کو جرمانے کیے،اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر نے 05 افراد کو روٹی و نان قیمتیں نمایاں جگہ آویزاں نہ کرنے پر گرفتار کروایا اور اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ زینب طاہر نے 02 گرفتاریاں، 01 تندور مالک کو وارننگ اور 02 کو موقعے پر جرمانہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور نے کہا کہ نان و روٹی کی قیمتوں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جا رہی،انتظامی افسران فیلڈ میں مسلسل تندوروں و دکانوں پر نان و روٹی کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری روٹی و نان کی قیمت بارے شکایت کے لئے وزیر اعلی پنجاب ہیلپ لائن 080002345 پر اندراج کروائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں