لاہور، الحمرا بورڈ آف گورنرز کے 73ویں اجلاس کا انعقاد

بدھ 17 اپریل 2024 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے بورڈ آف گورنرز کا 73واں اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل الحمرا رضی احمد نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بجٹ اور ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے ساتھ ساتھ ادب وثقافت کے فروغ کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز رضی احمد نے کہا کہ بورڈ ممبران کا ویژن اور آرا ادبی وثقافتی ترقی کے لئے بے حد حوصلہ افزائی کا موجب ہے،اجلاس میں موجود ممبران کی ذاتی دلچسپی،عملی تعاون اور محققانہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں نئے سلسلے فرینڈ آف الحمرا کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت تہذیبی و تمدنی ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا طارق علی بسرا نے کہا کہ مستقبل کے لئے ترتیب دیے گئے اس لا ئحہ عمل سے اقدار وروایات کے حسن میں اضافہ ہوگا، اجلاس میں طے ہونے والے امور کو عملی شکل میں لانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔

اجلاس میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔اجلا س میں سلیمہ ہاشمی، قدسیہ رحیم، عباس تابش، حماد غزنوی، صوفیہ بیدار، شاہد ندیم،پروفیسر ڈاکٹر نیلم ناز، سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب سلیم دانیال گیلانی،جی ایم پی ٹی وی سیف الدین،پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پی یو سمیرا جواد اورایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا طارق علی بسرا نے شرکت کی۔اجلاس میں موجود تمام ممبران نے امید ظاہر کی کہ یہاں طے پانے والے امور کے پایہ تکمیل تک پہنچنے کے بعد ہماری ادبی وثقافتی روایات کی ترویج و ترقی میں مدد ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں