روٹی کی قیمت میں کمی غریب دوست وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی فیصلہ ہے، سہیل شوکت بٹ

بدھ 17 اپریل 2024 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) روٹی و نان کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت میں کمی غریب دوست وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی فیصلہ ہے۔بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 100گرام روٹی کی قیمت صرف 16روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ نان جو پہلے غریب کی پہنچ سے دور تھا اب صرف 20روپے میں دستیاب ہے، صوبہ بھر میں روٹی نان کی قیمت میں کمی کا اطلاق ہو چکا ہے، اس سے زائد قیمت کسی صورت اب وصول نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام کسی بھی جگہ روٹی نان کی قیمت کے حوالے سے شکایت وزیر اعلیٰ شکایت سیل نمبر 080002345پر کال کر کے یا قیمت پنجاب ایپ پر فوری درج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی صرف اعلان تک محدود نہیں اس کو یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف ڈیڑھ ماہ کی مدت میں ایسے تاریخی اور عوامی بہبود کے فیصلے صرف مریم نواز جیسی دردمند وزیراعلیٰ ہی کر سکتی ہیں، عوام کا اصل نمائندہ ہی عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتا ہے، دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں سے سیکھنا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں