وزیرتعلیم پنجاب کا گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا دورہ، سہولیات پرعدم اطمینان کا اظہار

پرنسپل کو شوکاز نوٹس،طلبہ کو معیاری تعلیم اور معیاری سہولیات دینا پنجاب حکومت کا ویژن ہے‘رانا سکندر حیات

بدھ 17 اپریل 2024 18:18

وزیرتعلیم پنجاب کا گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا دورہ، سہولیات پرعدم اطمینان کا اظہار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندرحیات نے گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا اچانک دورہ کیا۔ رانا سکندر حیات کی اچانک آمد سے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ سکول میں سہولیات کے فقدان پر وزیر تعلیم نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بیشتر سہولیات پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کیا۔

رانا سکندر حیات نے غیر تسلی بخش سہولیات پر سکول انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔ وزیر تعلیم نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے غیر فعال ہونے، واش رومز اور پلے گرائونڈ کی ابتر حالت پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سکول پرنسپل اور سی ای او سکولز کو ایک ہفتہ میں تمام سہولیات فنکشنل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی سہولیات چیک کرنے کیلئے سرپرائز دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز نے بھی عہدہ سنبھالتے ہی سکولوں کو بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سکولوں کے حالات درست کرنے کیلئے میرے سرپرائز دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور معیاری سہولیات دینا پنجاب حکومت کا ویژن ہے۔ رانا سکندر حیات نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کیا کہ اپنے اپنے سکولوں کے حالات فی الفور درست کریں۔ کسی بھی سکول میں سہولیات کی کمی ناقابل برداشت ہے۔ اس سلسلے میں معافی کی امید نہ رکھی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں