تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی تین ہفتوں میں شروع ہو جائے گی، صوبائی وزیر صحت

بدھ 17 اپریل 2024 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر سے یوگنڈا کے ایکوئٹر (Equator) میڈیکل یونیورسٹی کے وفد نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت یوگنڈا کے سابق صدر عیدی امین کے پوتے اور میڈیکل کونسل کے ممبر ڈاکٹر ایوب نے کی۔وفد میں میڈیکل یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر فلکس اور ایم ایس ہاسپٹل میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر جیمز شامل تھے۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صحت محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری حافظ شاہد لطیف، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف، پی ڈی پی ایم یو میاں طارق اور سابق ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر زاہد پرویز بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے یوگنڈا کے وفد کو پنجاب کے ہیلتھ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے وفد کو پنجاب کے ورٹیکل پروگرامز کے حوالہ سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت 2500 بنیادی مراکز صحت، 300 سے زائد رورل ہیلتھ سنٹرز کی مکمل ری ویمپنگ کی جارہی ہے،تمام مراکز صحت کی ری ویمپنگ مارچ 2025 تک مکمل کرلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے سب اربن ایریاز میں طبی سہولیات کے لئے کلینکس آن ویل پراجیکٹ رواں ماہ شروع کردیا جائے گا جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب کریں گی۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ تمام تحصیل اور ضلعی ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اگلے تین ہفتوں میں م شروع کردی جائیگی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شہریوں کیلئے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے یوگنڈا ہیلتھ سسٹم کی اپگریڈیشن کے لئے وفد کو پنجاب حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں وفد نے بھی یوگنڈا کے ہیلتھ سسٹم پر صوبائی وزیر صحت کو آگاہ کیا اور پنجاب کے ہیلتھ سسٹم کو سراہا۔انہوں نے لاہور میں مہمان نوازی پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں