متروکہ بورڈ کی 40ارب مالیت کی اراضی واگزار، بقایا جات کی مد میں 2 ارب روپے کی ریکوری کی گئی ہے،شعیب سڈل

جمعرات 18 اپریل 2024 19:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کی 40ارب مالیت کی ٹرسٹ اراضی واگزار کروائی گئی ہے جبکہ بقایا جات کی مد میں 2 ارب روپے کی ریکوری بھی کی گئی ہے۔ یہ بات سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کیے گئے ون مین کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے لاہور آفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ ارشد فرید خان،سیکرٹری بورڈ فرید اقبال، قانونی مشیر حافظ احسان کھوکھر،ڈائریکٹر ایف آئی اے ثاقب سلطان سمیت بورڈ افسران بھی موجود تھے،شعیب سڈل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام اراضیات اور تاریخی ورثہ کی حفاظت کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں،ایف آئی اے اور پولیس کی سپورٹ سے کمیشن نے اپنے مطلوبہ ٹارگٹ مکمل کیے ہیں جبکہ موثر کارروائی کے لیے سپارکو سمیت جدید ٹیکنالوجی سے ہمیں مدد ملی ہے اور ٹرسٹ بورڈ کی آمدن میں مزید اضافہ اور ایف آئی اے کے تعاون سے قیمتی پراپرٹی واگزار کروانے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین بورڈ ارشد فرید خان نے کہا کہ گوجرانولہ میں سمادھی کا قبضہ ختم کر کے اسے بحال کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری بورڈفرید اقبال نے ننکانہ صاحب اور سچا سودا میں قبضہ گروپوں کے خلا ف کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں قبضہ گرپوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید بہتری لانے کے لیے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو کارکردگی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرتا ہے۔

بعد ازاں بورڈ ترجمان کے مطابق شعیب سڈل نے سیکرٹری بورڈ و دیگر افسران کے ہمراہ تاریخی جین مندر اور بالمیکی مندر نیلا گنبد کے علاوہ گورو دوارہ ڈیرہ صاحب کا بھی دورہ کیااور ٹرسٹ بورڈ کی جانب مندراور گورو دواروں میں کیے گئے انتظامات کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں