قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ کی نو منتخب امیر جماعت حافظ نعیم

جمعرات 18 اپریل 2024 21:48

قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ کی نو منتخب امیر جماعت حافظ نعیم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ نے نومنتخب امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور استقامت کی دعا دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا یہ حسن ہے کہ یہاں کسی قسم کی کوئی موروثیت نہیں۔ جماعت اسلامی کے بانی سیدابوالاعلی مودودی ؒ کے بعد میاں طفیل محمد ؒ، ان کے بعد قاضی حسین ؒ، پھر سید منور حسن ؒ اورسراج الحق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہو ئے ۔

حافظ نعیم الرحمن کا انتخاب پاکستان، جماعت اسلامی اور امت مسلمہ کے لیے خیروبرکت کا سبب بنے گا۔جماعت اسلامی پورے ملک میں اقامت دین کی جدوجہد تیز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کو اپریل 2024 تا اپریل 2029 کیلئے منتخب کیا گیا ہے جو مکمل جمہوری انداز میں جماعت اسلامی کے ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے کیا ہے،جماعت اسلامی پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جہاں روز اوّل سے انتہائی شفاف طریقے سے انتخابات کے مراحل طے کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی جس غرض کے لیے قائم ہوئی ہے، وہ ایک اور صرف ایک ہے۔ اور وہ یہ ہے کہ دُنیا میں اللہ کے دین کو پوری طرح سے، پوری زندگی میں نافذ کیا جائے۔ اس کے سوا اس جماعت کا اور کوئی مقصد اور نصب العین نہیں ہے۔ پاکستان میں کوئی بھی جماعت ایسی منظم نظر نہیں آتی ۔ نصر اللہ گورائیہ نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کے دوہزار سے زائد افراد مختلف اوقات میں کامیاب ہوکر اسمبلیوں ، سینیٹ اور سٹی میئرز بنے ،سرکاری عہدوں پر فائز رہے ، الحمد اللہ کسی ایک پر بھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

سب کے دامن صاف ستھرے رہے ہیں۔ ہمارے پارلیمنٹرین کی کارکردگی پرقومی و بین الاقوامی اداروں کی حوصلہ افزاء رپورٹس سب کے سامنے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ ملک و قو م کی خدمت کا فریضہ سر انجام دیا ہے اور ان شا اللہ آئندہ بھی دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو برو کار لائیں گے ۔ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام مثبت سوچ کے حامل لوگوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں