پنجاب بھر کے رہائشیوں پر کوڑا ٹیکس لگانے کا فیصلہ

صفائی کاکام محکمہ بلدیات کی بجائے پرائیویٹ ملکی کمپنیاں کریں گی

بدھ 1 مئی 2024 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) پنجاب بھر کے رہائشیوں پر کوڑا ٹیکس لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ، صفائی کاکام محکمہ بلدیات کی بجائے پرائیویٹ کمپنیاں کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق شہروں کے طرز پر دیہاتوں میں بھی صفائی کی سہولتیں دینے کے مشن کے تحت ڈویژنل سطح پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مزید با اختیار بنایا جائے گا، نو ڈویژن میں ویسٹ کمپنیاں 37اضلاع میں صفائی کا نظام کنٹریکٹ پر دیں گی۔

لاہور سمیت دیگر ڈویژن میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں نے اضلاع میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز سے صفائی کے لئے معاہدے کرنا شروع کردیئے، آئندہ پانچ سے چھ ماہ میں کمپنیاں کوڑاکرکٹ اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے پرکام شروع کردیں گی۔ سابق ادوار میں بیرون ممالک کمپنیاں البرک ازبک ڈالرز میں صفائی کاکام کرواتی تھیں ، اب صفائی اورکوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا کام ملکی کمپنیاں کریں گی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں یکساں صفائی کی سہولتیں فراہم ہوں گی ، ڈویژنل سطح پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں نے اضلاع کی سطح پر ایڈمنسٹریٹرز سے معاہدے کرنا شروع کردیئے ہیں ، اضلاع کی سطح پر یکساں صفائی کی سہولتوں کے ساتھ کوڑا ٹیکس بھی لگائیں گے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہورڈویژن میں شامل دیگر اضلاع سے صفائی کے لئے معاہدے کرلئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں