لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،18 ملزمان گرفتار

جمعرات 18 اپریل 2024 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 18 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر271 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 127کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 کمرشل،2 زرعی اور262 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 1 لاکھ 94 ہزار 3 سو 47 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 57 لاکھ 65 ہزار8 سو29 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

(جاری ہے)

ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

سانگلہ ہل کے علاقے میں کنکشن کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے، قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 30 ہزارروپے، شاہدرہ کے علاقے میں ایک ملزم کو 1 لاکھ 15 ہزار روپے اور شاہدرہ میں ہی ایک اور ملزم کو 1لاکھ 10 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو 212 روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 72 ہزار 9 سو 85 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 69 ہزار9 سو18 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 29 ہزار8 سو 85 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 86 لاکھ 36 ہزار 8 سو 42 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 32 کروڑ 61 لاکھ 50 ہزار5 سو 30 روپے ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں